ورلڈ کپ، جرمنی الجزائر کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں
1 جولائی 2014دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل مقررہ وقت میں برابر رہا اور فیصلے کے لیے اضافی وقت دینا پڑا۔ تیس منٹ کے اضافی وقت میں دنوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابک توڑ حملے کیے تاہم اس دوران جرمنی کی ٹیم دو مرتبہ بال کو الجزائر کے گول میں پہنچانے میں کامیاب رہی۔ کھیل کے اختتام سے کچھ لمحے قبل الجزائر نے بھی ایک گول کر دیا، تاہم یہ گول میچ کا نتیجہ تبدیل نہ کر سکا۔
میچ کے آغاز میں الجزائر کی ٹیم نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کو دفاع پر مجبور کیے رکھا۔ اس دوران جرمنی نے بھی چند اچھے مواقع پیدا کیے، تاہم الجزائر کے گول کیپر نے بال گول میں نہ پہنچنے دی۔ اس دوران جرمن گول کیپر مانویل نوئیر نے بھی انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے الجزائر کے اسٹرائیکرز کے کئی خطرناک حملوں کو ناکام بنایا۔
مقررہ وقت کے اختتام کے بعد اس ناک آؤٹ مرحلے میں کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے دونوں ٹیموں کو تیس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ اضافی وقت کے آغاز کے دو منٹ بعد جرمن اسٹرائیکر تھوماس میولر کی جانب سے دیے گئے ایک عمدہ پاس پر شوئرلے نے بال الجزائر کے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔
اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں جرمن کھلاڑی اوزیل نے یہ برتری دوگنی کر دی۔ کھیل کے اختتام سے چند لمحے قبل الجزائر نے گول کر کے یہ برتری کم تو کر دی، تاہم جرمنی یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت گیا۔
کوارٹر فائنل میں جرمنی کا مقابلہ فرانس سے ہو گا۔ پیر ہی کے روز کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں فرانس نے نائیجریا کو دو گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل ریو ڈی جنیرو میں جمعے کے روز کھیلا جائے گا۔