میکسیکو انتخابات: شین بام ملک کی پہلی خاتون صدر ہوں گی
3 جون 2024میکسیکو میں اتوار کے روز ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے ایگزٹ پول کے مطابق میکسیکو سٹی کی 61 سالہ سابق میئر کلاڈیا شین بام کو صدارتی انتخابات میں پچاس فیصد سے زیادہ ووٹ ملنے کا غالب امکان ہے، اس لیے وہ ملک کی پہلی خاتون صدر بن سکتی ہیں۔
شین بام کی مد مقابل امیدوار ایک کاروباری خاتون زوشل گلویز ہیں اور ابتدائی نتائج کے مطابق شین بام کو اپنے حریف پر واضح برتری حاصل ہو چکی ہے۔
اگر تازہ رجحانات درست ثابت ہوئے تو محترمہ شین بام یکم اکتوبر کو اپنے سرپرست، سبکدوش ہونے والے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور، کی جگہ لیں گی۔
ایک پول اندازے کے مطابق 61 سالہ سیاست دان نے مجموعی طور پر تقریباً 58 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جبکہ ان کی حریف گلویز کو تقریبا 26 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ سرکاری طور پر حتمی نتائج آج شام تک آنے کی توقع ہے۔
اتوار کے روز ہونے والے انتخابات کے دوران پولنگ مراکز پر تشدد میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پارلیمانی انتخابی مہم کے دوران پہلے ہی 38 امیدواروں کو قتل کیا جا چکا تھا۔
تاریخی ووٹ
صدارتی انتخابات میں ملک کی پہلی خاتون صدر کے تاریخی انتخاب کا امکان پہلے سے ہی بہت زیادہ تھا، کیونکہ اصل مقابلہ دو خواتین سیاستدانوں کے درمیان ہی تھا، جبکہ ایک مرد امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں۔
شین بام نے وعدہ کیا ہے کہ وہ سبکدوش ہونے والے مقبول صدر ایندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کے مقبول سیاسی پروگرام کو آگے بھی جاری رکھیں گی۔ واضح رہے کہ سبکدوش ہونے والے صدر آئینی طور پر ایک اور مدت صدارت کے لیے انتخاب نہیں لڑ سکتے۔
مد مخالف امید وار گالویز سابق سینیٹر اور ٹیکنالوجی شعبے کی ایک معروف کاروباری شخصیت ہیں، جو حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر لوپیز اوبراڈور کی پالیسیوں کو تبدیل کر دیں گی۔
حکمراں پارٹی اقتدار پر گرفت مزید مضبوط کر سکتی ہے
میکسیکو کی حکمران جماعت 'مورینا پارٹی' ملک کی 32 ریاستوں میں 23 میں پہلے سے ہی اقتدار میں ہے اور پارلیمان بھی اسے سادہ اکثریت حاصل ہے۔ پارٹی کو امید ہے کہ وہ اس بار آئین میں ترمیم کے لیے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لے گی۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی)