میرا انتقال نہیں ہوا، نائجیریا کے صدر
3 دسمبر 2018سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی اشاعت کے بعد نائیجریا کے صدر محمد بخاری کو وضاحت کرنا پڑ گئی کہ ان کا انتقال نہیں ہوا ہے اور وہ زندہ ہیں۔ اقوام متحدہ کی کلائمٹ سمٹ میں شرکت کی خاطر پولینڈ کا دورہ کرنے والے بخاری نے صحافیوں کو بتایا، ’’حقیقی طور پر یہ میں ہی ہوں۔‘‘
پولینڈ میں نائیجریا کمیونٹی سے خطاب میں اتوار کے دن بخاری کا کہنا تھا، ’’میں جلد ہی اپنی 76ویں سالگرہ مناؤں گا۔ میں اب بھی صحت مند اور مضبوط ہوں۔‘‘
ٹوئٹر، فیس بک اور یو ٹیوب پر ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بخاری کا انتقال ہو گیا ہے اور سوڈانی باشندے ’جبرئیل‘ کو ان کی جگہ ملک کا نیا صدر بنا دیا گیا ہے۔
محمد بخاری آئندہ برس فروری میں ہونے والے الیکشن میں صدارتی امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے گزشتہ پانچ ماہ برطانیہ میں گزارے تھے، جہاں ان کا علاج کیا گیا تھا۔
محمد بخاری نے البتہ یہ نہیں بتایا ہے کہ وہ کس بیماری میں مبتلا تھے۔ ان کی ناسازی طبیعت اور عوامی منظر نامے پر کم نظر آنے کی وجہ سے ان کے انتقال کی خبریں پھیلا دی گئی تھیں۔
بخاری نے کہا، ’’بہت سے لوگوں کو امید تھی کہ میں خراب صحت کے باعث انتقال کر گیا ہوں۔ کچھ لوگ تو اس نتیجے تک بھی پہنچ گئے کہ نائب صدر نے میری جگہ صدارت کا منصب سنبھال لیا ہے۔‘‘
دوسری طرف صدر بخاری کے دفتر کی طرف سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا کہ وہ زندہ ہیں اور ان کا انتقال نہیں ہوا ہے۔
ع ب / اا / خبر رساں ادارے