ميری کوم اولمپکس ميں سونے کی تمغے کے لیے پرعزم
9 جولائی 2012بھارت کی شمال مشرقی رياست منی پور ميں انتيس سال قبل پيدا ہونے والیMangte Chungneijang Merykom سے اس بار بھی ملکی عوام کافی اميديں لگائے بيٹھے ہيں۔ دو بچوں کی والدہ ميری کوم پانچ مرتبہ باکسنگ کی عالمی چيمپئن رہ چکی ہيں اور بھارتی عوام يہ توقع رکھتے ہيں کہ رواں سال ستائيس جولائی سے بارہ اگست تک کھيلے جانے والے لندن اولمپکس ميں وہ سونے کا تمغہ وطن واپس لائيں گی۔
ميری کوم ان دنوں بھارت کے مغربی شہر پونے ميں ٹريننگ کر رہی ہيں۔ باکسنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے خبر رساں ادارے اے ايف پی کو بتايا، ’شروع ميں لوگ ميری حوصلہ شکنی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ميں خواتين باکسرز نہيں پائی جاتيں اور يہی بات ميرے ليے پہلا چيلنج تھی۔ ميں نے يہ چيلنج قبول کيا۔ مجھے اپنے آپ کو ثابت کرنا تھا‘۔
ايم سی ميری کوم نے ايک غريب گھرانے ميں آنکھ کھولی اور اپنے ابتدائی دور ميں انہيں کافی مالی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ انہیں ہالی ووڈ کی ایکشن فلمیں انتہائی پسند تھیں اورايکشن سپر اسٹار جيکی چين ميری کوم کے فیورٹ ہیں، وہ ماضی کے عظیم باکسر محمد علی کی بھی پرستار ہیں۔ بچپن کا یہی شوق انہيں اس جانب کافی آگے لے گيا اور انہوں نے چھوٹی عمر ميں ہی تعليم چھوڑ کر اپنی مکمل توجہ باکسنگ سيکھنے پر مرکوز کر دی۔
سن 2000 ميں جب منی پور اسٹيٹ چيمپئن شپ ميں باکسنگ کے کھيل کو شامل کيا گيا تو يہ ايم سی ميری کوم کے ليے اپنے آپ کو ثابت کرنے کا ايک سنہری موقع تھا جسے انہوں نے ہاتھ سے نہ جانے ديا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ ميں کاميابی حاصل کی۔
ايم سی ميری کوم نے اس وقت تک باکسنگ سے متعلق اپنی سرگرمياں اپنے والدين سے پوشيدہ رکھی تھيں ليکن اخبار ميں ان کی اس کاميابی کی خبر کے ساتھ چھپنے والی تصوير سے ان کے والدين کو بھی پتا چل گيا۔ پھر اپنے والدين کی رضامندی کے ساتھ ايم سی ميری کوم نے کاميابيوں اور فتوحات کی ايک قطار کھڑی کر دی۔
ايم سی ميری کوم کا قد پانچ فٹ اور دو انچ ہے اور وہ لندن اولمپکس ميں اکياون کلوگرام کی کيٹيگری ميں باکسنگ کريں گی۔ اگرچہ لندن اولمپکس کے لیے چين ميں ہونے والے کواليفائنگ مقابلوں ميں ميری کوم بمشکل ہی جيت پائی تھيں تاہم اولمپک کھيلوں ميں بھارتی عوام ان سے کافی اميديں لگائے بيٹھے ہيں۔
as / at / AFP