ملائشين گراں پری جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل کے نام
24 مارچ 2013سنسنی سے بھرپور فارمولا ون ملائشين گراں پری ريس ميں سباستيان فيٹل نے مقررہ قريب 310 کلوميٹر کا فاصلہ ايک گھنٹہ 38 منٹ اور تقريبا 57 سيکنڈوں ميں طے کيا۔ يہ فارمولا ون کے موجودہ عالمی چيمپئن فيٹل کے کيريئر کی 27ويں کاميابی تھی۔
ملائشين گراں پری سنسنی سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپ بھی تھی کيونکہ فتح حاصل کرنے کے باوجود فيٹل کو ريڈ بل ٹيم کے اپنے ساتھی ڈرائيور مارک ويبر سے معافی مانگنی پڑی۔ دراصل ہوا يوں کے ريس کے اختتامی لمحات ميں ٹيم انتظاميہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فيٹل نے ويبر کو ايک نازک مقام پر اوور ٹيک کيا اور ريس اپنے نام کر لی۔
ريڈ بل ٹيم کے سربراہ کرسٹيان ہورنر کے بقول انہوں نے فيٹل اور ويبر کو ايک دوسرے کے خلاف ريس کرنے ديا ليکن اختتام سے قبل ريڈ بل کے دونوں ڈرائيوروں کو اپنی پوزيشن برقرار رکھنے کا کہا گيا تاکہ گاڑيوں کی حفاظت کرتے ہوئے کنسٹرکٹرز چيمپئن شپ ميں زيادہ سے زيادہ پوائنٹس کے حصول کو يقينی بنايا جا سکے۔ ليکن فيٹل نے ان احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ساتھی ويبر اور ديگر ڈرائيوروں کو اوور ٹيک کرتے ہوئے فيصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
اختتامی تقريب ميں سباستيان فيٹل نے مارک ويبر سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی، جس پر وہ شرمندہ ہيں۔ ’’يہ وہ کاميابی نہيں جس پر ميں فخر محسوس کروں کيونکہ يہ کاميابی دراصل ويبر کے نام ہونی چاہيے تھی۔‘‘
فارمولا ون ملائشين گراں پری ميں تيسری پوزيشن مرسيڈيز کے لوئيس ہيملٹن نے جبکہ چوتھی پوزيشن مرسيڈيز ٹيم ہی کے ان کے ساتھی ڈرائيور نيکو روزبرگ نے حاصل کی۔ پانچويں نمبر پر فيراری کے فليپے ماسا رہے۔
اتوار 24 مارچ کو منعقدہ ملائشين گراں پری کے بعد ڈرائيورز چيمپئن شپ ميں جرمنی اور ٹيم ريڈ بل کے سباستيان فيٹل 40 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزيشن پر ہيں جبکہ لوٹس ٹيم کے کيمی رائيکانن 31 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ريڈ بل ٹيم کے ڈرائيور مارک ويبر 26 پوائنٹس کے ساتھ تيسری پوزيشن پر ہيں۔
دوسری جانب کنسٹرکٹرز چيمپئن شپ ميں 66 پوائنٹس کے ساتھ ريڈ بل سر فہرست ہے جبکہ لوٹس اور فيراری 40، 40 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور تيسری پوزيشن پر براجمان ہيں۔
as/aba (Reuters, AFP, dpa)