معروف جرمن سیاستدان انتقال کر گئے
26 اکتوبر 2020سوشل ڈیموکریٹ جماعت (ایس پی ڈی ) کے سرکردہ سیاستدان اور جرمن پارلیمان کے نائب صدر کا انتقال پیر کے روز ہوا۔ ان کی عمر چھیاسٹھ برس تھی۔ وہ اتوار کی شام اس وقت اچانک گر کر بے ہوش ہو گئے، جب وہ جرمن ٹیلی وژن زیڈ ڈی ایف کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے تیاری کر رہے تھے۔
جرمنی کے اس سرکاری ٹیلی وژن نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچانک علیل ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا۔
سیاست کا آغاز
اوپرمان نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز اسی کی دہائی میں کیا تھا۔ وہ سب سے پہلے نوے کی دہائی میں لوئر سیکسنی کے مقامی انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئے اور اس کے بعد وزیر سائنس کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ وہ سن دو ہزار سترہ سے پارلیمان کے نائب صدر کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
اس سے قبل سن دو ہزار تیرہ سے سترہ کے درمیان وہ اپنی سینٹر لیفٹ پارٹی (ایس پی ڈی) کے پارلیمانی لیڈر رہے۔
جرمن اتحاد کی تیسویں سالگرہ، کورونا نے تقریبات کو دھندلا دیا
'ہم سب کے لیے صدمہ‘
ایس پی ڈی کے شریک لیڈر نوربرٹ والٹر نے اوپرمان کی وفات کے حوالے سے ٹویٹر پر لکھا ہے، 'یہ ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ ان کی وفات ہم سب کے لیے اچانک اور غیر متوقع ہے۔ میں ان کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔‘
جرمنی کے لیبر منسٹر اور ان کے ساتھی قانون ساز ہوبرٹوس ہائیل کا ان کی موت کے حوالے سے کہنا تھا، 'مجھے اپنے ساتھی کی اچانک رحلت کا سن کر شدید دکھ ہوا ہے۔ تھوماس نے جذبے اور دانش کے ساتھ ہمارے ملک اور معاشرتی جمہوریت کے لیے بہت بڑی خدمت کی ہے۔ میری ہمدردیاں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
جرمن وزیر خزانہ اور وائس چانسلر اولاف شولز نے بھی اوپرمان کی وفات کو بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے، 'ہم نے ایک ماہر سیاستدان کھو دیا ہے جبکہ پارلیمان ایک منفرد اور پرجوش نائب صدر سے محروم ہو گئی ہے۔ ہم افسردہ ہیں کیوں کہ ہم سب نے ایک دوست کو کھو دیا ہے۔‘
انگیلا میرکل کا تعزیتی پیغام
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے اس اتحادی کی وفات پر غم اور رنج کا اظہار
کیا ہے۔ چانسلر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، 'میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھی۔ ہمارے اتحاد میں وہ ایک قابل اعتبار اور منصفانہ شراکت دار کی حیثیت رکھتے تھے۔ مشکل حالات میں بھی انہوں نے بطور پارلیمانی نائب صدر بہترین خدمات انجام دیں۔‘
اوپرمان نے رواں برس اگست میں ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تیس سالہ سیاسی سفر کے بعد آئندہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب کچھ منفرد کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن وہ اس سے قبل ہی اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔ ان کی تدفین آئندہ چند روز میں کی جائے گی۔
ا ا / ع ح ( ڈی پی اے، اے ایف پی)