مصر میں صدارتی انتخابات مارچ میں متوقع
18 جنوری 2014مصر کی عبوری حکومت آج ہفتے کے روز چند دن قبل کروائے گئے ریفرینڈم کے نتائج کا اعلان کر رہی ہے۔ مصری حکام کے مطابق نئے آئین کے حوالے سے کروائے جانے والے ریفرینڈم کے ابتدائی نتائج میں مصری عوام کی اکثریت نے نئے سکیولر آئین کی حمایت کر دی ہے۔
مصری فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کے زیر انتظام کروائے جانے والے ریفرینڈم کو فوج کے ہاتھوں سابق مصری صدر محمد مرسی کی معزولی کی حمایت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مرسی کے حامیوں اور اسلام پسند اخوان المسلمون نے اس ریفرینڈم کا بائیکاٹ کیا تھا۔
دوسری جانب مصری اخبار التحریر نے مصر کی اسٹیٹ کونسل کے نائب سربراہ اعصام الدین عبدالعزیر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصری صدر عدلی المنصور کی جانب سے صدارتی انتخابات مارچ میں کروائے جانے کا اعلان سامنے آ سکتا ہے۔
مصری افواج کے سربراہ عبدالفتح السیسی کے لیے ریفرینڈم کی عوامی حمایت اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ سات ماہ قبل السیسی نے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹا تھا۔ مصر کو اس وقت سے سیاسی کشیدگی اور پر تشدد مظاہروں کا سامنا ہے۔
مبصرین کے مطابق نیا آئین بڑی حد تک سکیولر ہے۔ اس سے قبل 2012ء میں مُرسی کی حکومت نے اسلامی آئین نافذ کیا تھا تاہم نئے مسودے میں گزشتہ حکومت کی متعارف کردہ بہت سی متنازعہ شقیں حذف کر دی گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق نئے آئین کے حامیوں کے مطابق اس میں معاشرتی آزادیوں کی ضمانت دی گئی ہیں۔
مبصرین کی رائے ہے کہ فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے دو روز تک جاری رہنے والے اس ریفرینڈم کی مدد سے اپنی’’متنازعہ اتھارٹی‘‘ کو قانونی شکل دینے اور اخلاقی جواز فراہم کرنےکی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ مصر کی عبوری حکومت اسلام پسند جماعت اخوان المسلمون کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے۔ گزشتہ برس تین جولائی کو مصر میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والے پہلے صدر محمد مرسی کی حکومت کو عوامی مظاہروں کے برپا ہوجانے کے بعد مصری فوج نے اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔ بعد ازاں اخوان المسلمون نے ملک گیر مظاہروں کا آغاز کیا جس کو عبوری حکومت نے آہنی ہاتھ سے نمٹنے کی کوشش کی۔ اخوان کے کے ہزاروں کارکنوں اور ہنماؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں ایک عدالت کی جانب سےحکم کے بعد اخوان المسلمون کے اثاثے ضبط کر لیے گئے تھے۔