مانچیسٹر سٹی 44 سال بعد پریمیئر لیگ جیتنے کے قریب
23 اپریل 2012لیگ میں اس وقت سرفہرست ٹیم مانچیسٹر یونائیٹڈ غیر متوقع طور پر ایورٹون کی ٹیم سے اپنا میچ نہ جیت سکی۔ گزشتہ روز اولڈ ٹریفرڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں مانچیسٹر یونائیٹڈ کو میچ ختم ہونے سے کچھ منٹ پہلے تک دو کے مقابلے میں چار گول سے سبقت حاصل تھی۔ ایسے میں ایورٹون کے کھلاڑیوں نے انتہائی مثبت اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے دو گول کرکے مقابلے برابر کر ڈالا۔
اس نتیجے سے مانچیسٹر سٹی کو خاصا اعتماد حاصل ہوا، جس نے وولوز کے خلاف اپنے میچ میں اس کا بہترین استعمال کیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اب سرفہرست مانچیسٹر یونائیٹڈ اور مانچیسٹر سٹی کے مابین محض تین پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے۔ اگلے ہفتے پیر کے روز دونوں ٹیموں کے مابین مقابلے میں لیگ کے چیمپئن کا فیصلہ ہوجائے گا۔
مانچیسٹر سٹی کے لیے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فارورڈ سیرگیو اگیورو نے پہلا جبکہ الجزائری نژاد فرانسیسی کھلاڑی سمیر ناصری نے دوسرا گول کرکے جیت کو یقینی بنایا۔ اس میچ سے متعلق مانچیسٹر سٹی کے کوچ رابرٹو مانچینی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم مانچیسٹر یونائیٹڈ کے خلاف اپنا میچ ہار جائے گی۔ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ مانچینی ایسا اس لیے کہہ رہے ہیں تاکہ ان کے کھلاڑی ضرورت سے زائد توقعات کے سبب دباؤ کا شکار نہ ہوجائیں۔
مانچیسٹر یونائیٹڈ کے لیے انگش اسٹار وین رونی نے دو گول کیے مگر ان کی ٹیم پھر بھی جیت نہ سکی۔ ایورٹون کے لیے کروشیئن سٹار Nikica Jelavić نے دو گول کیے۔
میچ کے بعد مانچیسٹر یونائیٹڈ کے کوچ سر ایلکس فرگوسن نے یقینی جیت کے ڈرا میں بدل جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ’’ ہم نے یہ میچ اپنے ہاتھوں سے گنوایا۔‘‘ فرگوسن کا کہنا ہے کہ مانچیسٹر سٹی کی جیت کے بعد اب پیر کو ان کے ساتھ ہونے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگیا ہے۔
sk/ ia afp