لندن اولمپکس: چین کی برتری برقرار
30 جولائی 2012لندن میں گرمائی اولمپک کھیلوں کے تیسرے دن چین کے ایتھلیٹس نے مزید دو طلائی تمغے جیت کر اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد چھ کر لی ہے۔ چینی ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر بارہ تمغے جیتے ہیں۔ ان میں چار چاندی اور دو کانسی کے بھی شامل ہیں۔ اب تک چینی ایتھلیٹس پیراکی اور نشانہ بازی میں دو دو گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ ڈائیونگ اور ویٹ لفٹنگ میں بھی ایک ایک گولڈ میڈل چین کے ایتھلیٹ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ تیر اندازی، شوٹنگ، سوئمنگ اور ویٹ لفٹنگ میں چاندی کے تمغے چین نے جیتے ہیں۔
اولمپک کھیلوں میں سب سے بڑے پاور ہاؤس کا اشارہ امریکا کی جانب کیا جاتا تھا لیکن اب اولمپک میں امریکی ایتھلیٹس کو چین سمیت کئی اور ملکوں کے ایتھلیٹوں کا سامنا ہے۔ لندن اولمپکس میں چین کی برتری کو امریکی ایتھلیٹس ابھی تک کم نہیں کر سکے ہیں۔ اتوار کے روز امریکی ایتھلیٹوں نے دو مزید گولڈ میڈلز جیتے ہیں۔ اس طرح امریکا کے طلائی تمغوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر امریکی ایتھلیٹس گیارہ تمغے جیت پائے ہیں۔ ان میں پیراکی میں دو اور نشانہ بازی میں ایک گولڈ میڈل شامل ہے۔ امریکی ایتھلیٹ پیراکی میں تین، ڈائیونگ اور تیر اندازی میں ایک ایک چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ امریکی پیراکوں نے سوئمنگ میں کل آٹھ میڈلز جیتے ہیں۔ ریکارڈ ساز امریکی پیراک مائیکل فیلپس اپنا اثر چھوڑنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
یورپ سے اٹلی، ہفتے کے روز دوسرے مقام پر تھا لیکن ایک دن بعد امریکا نے اٹلی کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔ اطالوی ایتھلیٹس تلوار بازی میں کل چار میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔ اس ڈسپلن میں ایک گولڈ میڈل شامل ہے۔ اٹلی کے کل میڈلز کی تعداد سات ہے۔ ان میں چاندی کے تین تمغے شامل ہیں۔ اٹلی کو نشانہ بازی میں بھی ایک چاندی کا میڈل ملا ہے۔
دو دو گولڈ میڈلز جیتنے والے ممالک میں جنوبی کوریا، فرانس، قزاقستان اور شمالی کوریا شامل ہیں۔ مردوں کے سوئمنگ ریلے میں فرانس کے ایتھلیٹس نے حیران کن انداز میں امریکی پیراکوں کو مات دی۔ فرانس کی کامی مُوفا نے بھی گولڈ میڈل جیتا۔ جنوبی کوریا کل پانچ میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ فرانس کے پاس چار میڈلز ہیں اور پوزیشن پانچویں ہے۔ شمالی کوریا تین میڈلز کے ساتھ چھٹی اور قزاقستان دو گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
ایک ایک گولڈ میڈل جیتنے والے ملکوں میں برازیل، ہنگری، آسٹریلیا، ہالینڈ، روس، جارجیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ جاپان کے ایتھلیٹس ابھی تک کوئی گولڈ میڈل حاصل نہیں کر پائے ہیں البتہ وہ دو سلور میڈلز جیت چکے ہیں۔ میزبان برطانیہ کو اتوار کے روز ایک چاندی کا تمغہ جیتنے کا موقع ملا۔ یہ تمغہ ویمن روڈ سائیکلنگ کی کیٹیگری کے لیے تھا۔ میڈل ٹیبل پر اس طرح اب برطانیہ کو سولہویں پوزیشن ہے۔ لندن اولمپکس میں جرمنی کو ابھی تک کوئی میڈل نہیں ملا۔
ah/ng (AP, Reuters)