لندن اولمپکس، چوتھے روز بھی چین کی برتری
1 اگست 2012منگل کے روز چین نے چار طلائی تمغے حاصل کیے۔ چینی کھلاڑیوں رولین چین اور وانگ ہاؤ نے دس میٹر بلندی سے ہم آہنگ کودنے کے خواتین کے اس مقابلے میں اپنی ملک کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔ جبکہ شمشیر زنی میں چینی کھلاڑی شینگ لائی نے مصری کھلاڑی کو فائنل میں شکست دیتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ جنوبی کوریا کے حصے میں آیا۔ 200 میٹر میڈلے تیراکی میں چین کی 16سالہ اسٹار پیراک ژی شیوین نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں آسٹریلیا کی تیراک دوسرے اور امریکی تیراک تیسرے نمبر پر رہیں۔
69کلوگرام مرد کھلاڑیوں کے وزن برداری کے مقابلے میں چینی کھلاڑی لِن چنگفینگ نے اپنے ملک کے لیے طلائی تمغہ جیتا۔ اس مقابلے میں انڈونیشیا کے تریاتنو تریاتنودوسرے اور رومانیہ کے کونستانتین رضوان مارٹن تیسرے نمبر پر رہے۔
جمناسٹک میں امریکی ٹیم روس پر سبقت لیتے ہوئے طلائی تمغہ جیت گئی۔ اس مقابلے میں رومانیہ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی جبکہ بیجنگ اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتے والی چینی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔ ادھر پیر کے روز ہونے والے 200 میٹر بٹر فلائی تیراکی میں جنوبی افریقہ کے چاڈ لے کلوس نے چند انچوں کے فرق سے امریکی اسٹار تیراک مائیکل فیلپ کو مات دیتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا۔
چار مرتبہ 200 میٹر ریلے ٹیم تیراکی میں امریکی ٹیم نے فرانس کو شکست دے کر اپنے ملک کے لیے طلائی تمغہ جیت لیا۔ اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ چین کی ٹیم نے حاصل کیا۔ جرمن ٹیم چوتھے نمبر پر رہی اور تمغہ حاصل نہ کر پائی۔
200 فری اسٹال تیراکی میں امریکی پیراک الیسن شمٹ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں فرانس دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر رہا۔
امریکی نشانہ باز ونسینٹ ہینکاک نے نشانہ بازی کے مقابلے کے فائنل میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس ایونٹ میں ڈینس اینڈرز گولڈنگ چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ قطری کھلاڑی نصر العطیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
خواتین کے 63 کلوگرام تک کی کیٹیگری کے جوڈو مقابلے میں سلوینیا کی Urska Žolnir سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔
منگل کا روز جرمنی کے لیے بھی بہتر رہا۔ پیر کے روز جرمنی میڈلز ٹیبل پر 21 ویں نمبر پر تھا تاہم منگل کو اس کی پوزیشن بہتر ہو کر آٹھویں ہو گئی ہے۔ منگل کے روز ہونے والے گھڑ سواری کے مقابلے میں جرمن سوار طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ جرمن ٹیم میں میشاعیل یُنگ، انگرِڈ کلِمکے، سندرا آؤفرتھ، ڈِرک شراڈے اور پیٹر تھومسین تھے۔
ادھر اولے بِشوف نے 81 کلوگرام وزن تک کی کیٹیگری کے جوڈو مقابلے میں جرمنی کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا۔ انہیں ایونٹ کے فائنل میں Kim Jae-Bum نے شکست دی۔ اسی طرح جرمن کھلاڑی Sideris Tasiadis نے تیز دھار پانی میں چھوٹی کشتی چلانے کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس مقابلے میں گولڈ میڈل فرانس کے حصے میں آیا جبکہ کانسی کا تمغہ سلواکیہ کو ملا۔
اس وقت میڈلز ٹیبل پر چین اور امریکا کے بعد فرانس کا نمبر ہے، جس نے چار طلائی، تین نقرئی اور چار کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر شمالی کوریا ہے، جس نے تین طلائی جبکہ ایک کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔
at / ab (Reuters, AFP)