لندن اولمپکس: میڈلز ٹیبل پر چین کی برتری قائم
8 اگست 2012لندن اولمپکس کے گیارہ دن مکمل ہو گئے ہیں اور آج بدھ ان کھیلوں کا بارہواں روز ہے۔ اب تک چین کے ایتھلیٹس مجموعی طور پر ان گیمز پر اپنی برتری قائم رکھے ہوئے ہیں۔ چین کے کھلاڑیوں کے کل میڈلز کی تعداد 73 ہو گئی ہے۔ اس میں 34 طلائی تمغوں کے علاوہ 21 نقرئی اور 18 کانسی کے تمغے بھی شامل ہیں۔ امریکا کی پوزیشن دوسری ہے اور اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 70 ہے۔ ان میں 30 طلائی تمغے شامل ہیں۔ امریکی ایتھلیٹوں نے 19 چاندی کے اور 21 کانسی کے تمغے بھی جیت رکھے ہیں۔
تیسویں گرمائی اولمپکس میں برطانیہ نے ریکارڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل بیجنگ اولمپکس میں برطانوی ایتھلیٹوں نے 19 طلائی تمغے جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اب وہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور لندن اولمکپس میں برطانوی ایتھلیٹوں نے ریکارڈ 22 گولڈ میڈل جیت کر اپنے ملک برطانیہ کو میڈلز ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ اس کے کل میڈلز کی تعداد 48 ہے۔ بائیس گولڈ میڈل کے علاوہ اس نے تیرہ چاندی اور اتنے ہی کانسی کے تمغے جیت رکھے ہیں۔ اس مناسبت سے برطانوی ایتھلیٹوں کے لیے لندن اولمپک مقابلے ایک یادگار بن گئے ہیں۔
میڈل ٹیبل پر جرمنی اب چھٹی پوزیشن سے آٹھویں پر دھکیل دیا گیا ہے۔ جرمن ایتھلیٹس اب تک کل 27 میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ پانچ گولڈ میڈل جرمنی کو جلد حاصل ہو گئے تھے اور اس کے بعد گولڈ میڈل کا حصول مشکل تر ہو گیا تھا لیکن گیارہویں روز جرمن ایتھلیٹ رابرٹ ہارٹنگ (Robert Harting) نے تھالی یا ڈسکس تھرو (Discuss Throw) کے ڈسپلن میں گولڈ میڈل حاصل کر کے جرمن طلائی تمغوں کی تعداد کو چھ کر دیا۔ جرمن کھلاڑی نے ایران کے احسان حدادی کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ جرمنی کو چودہ چاندی اور سات کانسی کے میڈلز بھی حاصل ہو چکے ہیں۔
لندن اولمپکس میں جنوبی کوریا میڈل ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اس کے طلائی تمغوں کی تعداد بارہ ہے جبکہ مجموعی طور پر اس نے 23 میڈلز حاصل کیے ہیں۔ پانچویں پوزیشن پر اب فرانس کی جگہ روس پہنچ گیا ہے۔ روس کے گولڈ میڈل کی تعداد دس ہے۔ روسی ایتھلیٹس اب تک کل 48 میڈل جیت چکے ہیں۔ چھٹے مقام پر فرانس ہے اور اس نے آٹھ گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔ اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 28 ہے۔ ساتویں پوزیشن پر اٹلی ہے۔ اطالوی کھلاڑیوں نے سات گولڈ میڈل جیت کر یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔
اولمپکس کے گیارہویں روز پندرہ سو میٹر کی دوڑ میں الجزائر کے توفیق مخلوفی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ سب سے اونچی چھلانگ لگانے میں روس کے ایتھلیٹ ایوان اوخوف(Ivan Ukhov) سب سے آگے رہے۔ اوخوف نے2.38 میٹر بلند جمپ لگا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ افریقی ملک کیمرون کے دستے کے سات ایتھلیٹوں نے اولمپک ویلِج سے راہ فرار اختیار کر لی ہے۔ آسٹریلیا کی خاتون ایتھلیٹ سیلی پیئر سن نے 110 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
منگل کے روز ہاکی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سات صفر سے ہرا کر اسے سیمی فائنل کی ریس سے باہر کر دیا۔ بھارت کی ٹیم اپنا پانچواں میچ بھی ہار گئی بیلجیم نے تین گول سے بھارتی ٹیم کو شکست دی ۔ جرمن ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔ ہالینڈ ، جرمنی، آسٹریلیا اور برطانیہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ah/ab (AFP, Reuters)