لانس آرمسٹرانگ پر تاحیات پابندی، اعزازات سے محروم
23 اکتوبر 2012انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین نے پیر کے روز امریکا کے مشہور سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ (Lance Armstrong) پر ممنوعہ طاقت بخش ادویات استعمال کرنے کے تناظر میں کھیل میں شرکت کرنے کی تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔ ان کے زوال کے سلسلے میں سائیکلنگ کھیل کے عالمی ادارے نے آرمسٹرانگ سے سات مرتبہ ٹور ڈی فرانس جیتنے کے اعزازات کو بھی چھین لیا ہے۔ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب کھیل کے منظر سے امریکی لانس آرمسٹرانگ کے نام کو مستقلاً مٹا دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی سائیکلنگ یونین (UCI) کے صدر پیٹ میک کوائڈ (Pat McQuaid) نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوامیں لانس آرمسٹرانگ پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سائیکلنگ کی دنیا میں آرمسٹرانگ کے لیے اب کوئی جگہ نہیں بچی اور وہ ڈوپنگ قوانین کے منافی عمل کرنے کی وجہ سے اس کے حقدار ہیں کہ انہیں ہمیشہ کے لیے بس بُھلا دیا جائے۔ عالمی ادارے کے سربراہ پیٹ میک کوائڈ نے آرمسٹرانگ کے اسکینڈل کو سائیکلنگ کھیل کی تاریخ کا سب سے سنگین بحران قرار دیا ہے۔ بین الاقوامی ادارے UCI کے سربراہ نے کہا کہ عالمی ادارہ، امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (USADA) کے فیصلے کی تائید کرتا ہے اور پہلی اگست سن 1998سے لانس آرمسٹرانگ کا شروع ہونے والا تمام کیریئر کھیل کی تاریخ اور ریکارڈ بُکس سے مٹا دیا گیا ہے۔
امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے سربراہ ٹراوِس ٹائی گارٹ (Travis Tygart) کا کہنا ہے کہ سائیکلنگ کھیل میں ممنوعہ طاقت ور ڈرگز کے استعمال کی کئی کہانیاں ابھی پوشیدہ ہیں اور ان پر سے پردہ اٹھانا تمام اقوام کے اداروں اور بین الاقوامی سائیکلنگ ایجنسی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ ٹراوِس ٹائی گراٹ کا کہنا ہے کہ سائیکلنگ کے علاوہ کھیل کی دنیا میں کئی بددیانت اور کرپٹ ٹیم ڈائریکٹروں اور ڈاکٹروں کا نیٹ ورک ہے، جسے توڑنا اشد ضروری ہے۔ امریکی ادارے نے ہی لانس آرمسٹرانگ کے قریبی ساتھیوں کے توسط سے آرمسٹرانگ کی بددیانتی کی تہہ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ممنوعہ طاقت بخش ادویات کے خفیہ استعمال کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد امریکی سائیکلسٹ کے اسپانسرز نے ان کے ساتھ کیے ہوئے معاہدے ختم کر دیے ہیں۔ امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک انشورنس کمپنی SCA نے بونسز کی شکل میں آرمسٹرانگ کو دیے گئے 7.5 ملین ڈالر کی واپسی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ کئی اداروں کو پچھتاووں کا سامنا ہے۔ ان پر لکھی جانے والی کتابوں کو حقیقت کے شیلف اور کیٹگری سے نکال کر ان پر فکشن کے اسٹکر لگا دیے گئے ہیں۔ ایسے امکانات بھی سامنے آئے ہیں کہ آرمسٹرانگ کو فوجداری مقدمے کا بھی سامنا ہو سکتا ہے۔ لانس آرمسٹرانگ ابھی تک امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے الزامات کو بھرپور اور مناسب جواب دینے سے قاصر ہیں۔ بین الاقوامی سائیکلنگ ایجنسی کے فیصلے پر بھی ان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
(ah / sks (AFP