قبرص: بیل آؤٹ پیکج کے تحت بینکنگ سیکٹر کی تشکیل نو کا عمل
28 مارچ 2013قبرص کے تمام بینک 16 مارچ سے بند ہیں۔ اب یہ بینک 28 مارچ کے روز کاروبار کے لیے کھولے جائیں گے۔ بینکوں سے الیکٹرانک کیش مشینوں سے روزانہ کی بنیاد پر کیش حاصل کرنے کی حد کو بھی بہت کم کر دیا گیا ہے۔ اب کوئی بھی کھاتہ دار ایک دن میں صرف ایک سو یورو کی رقم حاصل کر سکتا ہے۔ بینکوں کی بندش کے حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کھاتہ داروں کو اپنا سرمایہ نکالنے سے روکنے کی کوشش میں ہے۔ اب ڈیل کے تحت ایک لاکھ یورو سے زائد کے تمام کھاتے داروں کو ٹیکس کا سامنا ہے۔ قبرص کے بینکوں میں زیادہ شرح سود کے تناظر میں بے شمار غیرملکیوں نے اپنے اکاؤنٹ کھول رکھے ہیں۔ ان میں 68 بلین یورو سے زائد روسی کھاتہ داروں کے ہیں۔
پلان کے مطابق قبرص میں تمام بینک آج منگل کے روز کھولے جا رہے تھے لیکن سینٹرل بینک کے سربراہ پینیکوس ڈیمیٹریادیس (Panicos Demetriades) کی جانب سے وزیر مالیات مائیکل ساریس کو تجویز پیش کی گئی کہ تمام بینکوں کو مزید دو روز کے لیے بند رکھا جائے۔ وزیر مالیات نے اس تجویز سے اتفاق کیا اور اب تمام بینک جمعرات کے روز کھلیں گے۔ وزیر مالیات کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سارے بینکنگ سیکٹر کی مجموعی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے یہ اقدام بہت اہم ہے۔ جمعرات کے روز قبرصی بینک دس روز کی سرکاری بندش کے بعد کھلیں گے۔ لائیکی بینک کو بندش کے ایام کے دوران تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے عمل سے بھی گزارا جا رہا ہے۔ اگلے دنوں میں یہ بینک تحلیل ہو جائے گا۔
پیر کی صبح میں یورو حکام کے ساتھ بیل آؤٹ پیکج کی ڈیل کو حتمی شکل دینے کے بعد قبرص کے صدر نکوس اناستسادیاس (Nicos Anastasiades) نے اپنی قوم سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی مندی حالی کے باعث بیل آؤٹ پیکیج وصول کرنے کے سوا اور کوئی چارہ بچا نہیں تھا۔ صدر اناستسادیاس کے مطابق بات چیت میں جس ڈیل کو طے کیا گیا ہے کہ وہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔ قبرصی صدر نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ مالی بحران کی وجہ جاننے کے لیے ایک فوجداری تفتیش کاروں کی تعیناتی کی جائے گی اور وہ ذمہ داریوں کا تعین کرے گا۔
پیر کے روز یورپی مرکزی بینک کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پیر کی صبح میں قبرص کے ساتھ طے پائی جانے والی ڈیل کے بعد دو قبرصی بینکوں کی مالی معاونت جاری رکھی جائے گی۔ ڈیل کے بعد اب یہ یقینی ہے کہ لائیکی بینک اور سائپریس بینک کا ادغام ہو جائے گا۔ لائیکی بینک اس ادغام کے بعد پوری طرح تحلیل ہو جائے گا۔ نکوسیا میں اس ادغام کے تناظر میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ بہت سارے ملازمین اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ قبرص کا بیکنگ سیکٹز معاشی افزائش کا حامل رہا ہے۔ اس ادغام کے بعد چھوٹے کارباری حضرات کے مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔
دوسری جانب جرمنی اور فرانس نے بیل آؤٹ کے لیے قبرص حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے کیسینو سیکٹر پر بھی نگرانی کرے۔ مالی بدحالی کی وجہ سے قبرص شدید کساد بازاری کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔ اقتصادی ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ قبرصی معیشت رواں برس دس فیصد اور اگلے سال آٹھ فیصد کے حساب سے مزید سکڑ سکتی ہے۔
(ah/zb(AP, AFP