فٹبال يورو کپ، جرمنی اور اسپین فیورٹ
6 جون 2012خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں سال کا يوئيفا يورو فٹبال کپ کافی ’اوپن‘ ٹورنامنٹ ہے اور کئی ٹيميں ايسی ہيں جو اس ٹورنامنٹ کو جيت سکتی ہيں۔ اس ٹورنامنٹ ميں فٹبال کی عالمی تنظيم FIFA کی سب سے نماياں بيس ٹيموں ميں سے 13 شرکت کر رہی ہيں جن ميں جرمنی، اسپين، نيدرلينڈ اور فرانس بھی شامل ہيں۔ يہ تمام ٹيميں اس قدر مضبوط سمجھی جاتی ہیں کہ ان میں سے کوئی سی بھی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ادھر گزشتہ روز يوئيفا يورو 2012 کی تياریوں کے سلسلے ميں کھيلے جانے والے اپنے آخری وارم اپ ميچ ميں فرانس کی فٹبال ٹيم نے اسٹونيا کو صفر کے مقابلے میں چار گولز سے شکست دے دی۔ اس ميچ ميں فرانسيسی ٹيم کے ليے فرانک ريبيری اور کريم بينزيما نے نماياں کھيل پيش کرتے ہوئے دو دو گول اسکور کيے۔ فرانس کی قومی فٹبال ٹيم نے جيت کا اپنا يہ تسلسل گزشتہ اکيس ميچوں سے برقرار رکھا ہوا ہے اور يہی وجہ ہے کہ يہ ٹيم آئندہ پیر کو انگلينڈ کے خلاف يورو کپ کے اپنے پہلے ميچ کے ليے کافی پر اعتماد بھی ہے اور پر اميد بھی۔
ٹورنامنٹ سے قبل کھيلے جانے والے اپنے اپنے آخری ميچوں ميں سوئيڈن کی ٹيم نے بھی سربيا کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گولز سے کاميابی حاصل کی جبکہ ترکی نے شريک ميزبان يوکرائن کو دو صفر سے شکست دی۔ ميچ کے بعد آج يوکرائن کے کوچ Oleg Blokhin نے ان وارم اپ ميچوں ميں ٹيم کی ناقص کارکردگی پر فکرمند ہونے سے انکار کرديا اور کہا کہ يوکرائن کے دس کھلاڑی ترکی کے خلاف ميچ سے قبل پيٹ کی تکليف کا شکار تھے۔
دفاعی چيمپئن اسپين کی ٹيم رواں ہفتے آٹھ تاريخ سے پولينڈ اور يوکرائن کی مشترکہ ميزبانی ميں شروع ہونے والے يورو 2012 کے ليے ’فيورٹ‘ قرار دی جا رہی ہے۔ اگر ہسپانوی ٹيم اپنے چار سال قبل حاصل کردہ اعزاز کا دفاع کرنے ميں کامياب ہوتی ہے تو ايسا يورپی فٹبال کی تاريخ ميں پہلی مرتبہ ہو گا کہ کوئی ٹيم دو مرتبہ مسلسل يورو چيمپئن شپ جيتے گی۔
ادھر انگلينڈ کے حوالے سے خبريں يہ ہيں کہ قومی ٹيم کے نئے منيجر روئے ہاگسن کے مطابق اس ٹورنامنٹ ميں انگلينڈ کی کاميابی يا ناکامی کی کنجی گول کيپر جو ہارٹ کے ہاتھوں ميں ہے۔ رواں سال کے چيمپئن انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھيلنے والے جو ہارٹ اب تک آٹھ مرتبہ انگلينڈ کی قومی ٹيم کے ليے ميدان ميں اترے ہيں اور آٹھوں مرتبہ ان کی ٹيم کو شکست کا منہ نہيں ديکھنا پڑا۔ ہارٹ کا يہی ايک سو فيصد کا ريکارڈ نئے منيجر روئے ہاگسن کی اميد بنا ہوا ہے۔
یوئیفا یورو کپ فٹبال کا پہلا میچ رواں ہفتے جمعے کے روز کھیلا جائے گا جبکہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل یکم جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں ہو گا۔
as / aba / Reuters, dpa & AFP