فٹبال: فرانس کی جرمنی کے خلاف فتح
1 مارچ 2012گزشتہ کچھ عرصہ تک کمزور سمجھی جانے والی فرانسيسی فٹبال ٹيم ستمبر 2010ء سے لے کر اب تک کوئی بين الاقوامی ميچ نہيں ہاری ہے۔ انتيس فروری کو جرمنی کے شہر بريمن ميں منعقدہ دوستانہ ميچ ميں يورو چيمپئن شپ کے ليے فيورٹ سمجھی جانے والی ٹيم جرمنی کو شکست ديتے ہوئے فرانسيسی ٹيم نے اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھا۔
ميچ کے ليے دونوں ٹيموں کو اپنے اپنے چند اہم کھلاڑيوں کی خدمات حاصل نہيں تھيں۔ ليکن مجموعی طور پر فرانسيسی کھلاڑيوں نے جرمن کھلاڑيوں کے مقابلے ميں بہتر کھيل کا مظاہرہ پيش کرتے ہوئے کھيل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ ميچ کے اکيسويں منٹ ميں فرانس کے Oliver Giroud نے پہلا گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹيم کو ايک گول کی برتری دلوادی۔ جبکہ انہترويں منٹ ميں Florent Malouda نے فرانس کے ليے دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹيم کی کاميابی کو يقينی بنا ديا۔ جرمنی کی جانب سے ميچ کا واحد گول Cacau نے کھيل اختتامی منٹوں ميں کيا۔
فرانسيسی فٹبال ٹيم جرمنی کے خلاف لگاتار اٹھارہ ميچ جيت چکی ہے۔ ميچ کے بعد فرانسيسی ٹيم کے کوچ Laurent Blanc نے کہا، ’مجھے ميچ کے فيصلے سے کوئی مطلب نہيں، ہم صرف ايک قدم آگے بڑھنا چاہتے تھے‘۔
دوسری جانب جرمنی کی ٹيم کے کوچ Joachim Loew نے فرانسيسی کھلاڑيوں کے کھيل کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرانس نے بہتر کھيل پيش کيا اور ميچ کے دوران فرانسيسی کھلاڑی جرمن ٹيم پر حاوی رہے اور اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے، ميچ کا فيصلہ درست تھا۔ جرمن کوچ کے مطابق، ’ميچ ميں اس طرح شکست سے دوچار ہو جانا يقيناﹰ پريشان کن ہے‘۔
اس سال يورپين چيمپئن شپ کا انعقاد پولينڈ اور يوکرائن ميں ہو رہا ہے اور يہ ٹورنامنٹ آٹھ جون اور يکم جولائی کے درميان کھيلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ ميں 16 يورپی ممالک کی ٹيميں ايک دوسرے کے خلاف کھيليں گی۔
رپورٹ: عاصم سليم
ادارت: افسر اعوان