فيفا ورلڈ کپ: کوسٹا ريکا نے اٹلی کو ہرا ديا ليکن انگلينڈ آؤٹ
21 جون 2014جنوبی امريکی ملک برازيل ميں جاری فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کے دوران بيس جون کے روز ريو ڈی جینيرو ميں گروپ ڈی کی ٹيموں کوسٹا ريکا اور اٹلی کے مابين ايک ميچ کھيلا گيا، جس کا نتيجہ صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے کوسٹا ريکا کے حق ميں رہا۔ ميچ کا واحد گول کوسٹا ريکا کےکھلاڑی برائن روئيز نے کھيل کے چواليس ويں منٹ ميں کيا۔
کوسٹا ريکا کی ٹيم يوروگوائے کے خلاف اپنا پہلا ميچ جيت چکی تھی اور اب اٹلی کے خلاف بھی کاميابی حاصل کرتے ہوئے کوسٹا ريکا نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ کوسٹا ريکا نے دو ميچ کھيلے ہيں اور اس کے چھ پوائنٹس ہيں۔
انيس جون کے روز کھيلے گئے ايک ميچ ميں يوروگوائے کے ہاتھوں شکست کی بعد انگلينڈ کی ٹيم يہ اميد لگائے بيٹھی تھی کہ اطالوی ٹيم کوسٹا ريکا کو ہرا دے۔ لیکن اس ميچ ميں کوسٹا ريکا کی کاميابی کے نتيجے ميں انگلينڈ کی ٹيم اب اس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی نہيں کر سکتی۔ ايسا 56 برس بعد ہوا ہے کہ انگلش ٹيم فٹ بال ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں اس ٹورنامنٹ سے خارج ہو گئی ہے۔
دريں اثناء جمعے کی شب ايک اور دلچسپ ميچ برازیل کے شہر سلواڈور ميں گروپ ای کی ٹيموں فرانس اور سوئٹزرلينڈ کے درميان کھيلا گيا۔ اس ميچ ميں فرانس نے سوئٹزرلينڈ کو دو کے مقابلے ميں پانچ گول سے شکست ديتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے اپنے امکانات مزید روشن کر ليے۔ ميچ کے پہلے ہی ہاف ميں فرانس نے تين گول کر ڈالے تھے۔ بعد ازاں دوسرے ہاف ميں فرانس نے دو مزيد گول کيے جبکہ سوئٹزرلينڈ کی ٹيم بھی دو گول کرنے ميں کامياب رہی۔ اب تک فرانس گروپ مرحلے ميں دو ميچ کھيل چکا ہے، جس ميں اس کے پوائنٹس کی تعداد چھ ہے۔ اس کے برعکس سوئٹزرلينڈ کی ٹيم کے تین پوائنٹس ہيں۔
گروپ ای کا ایک اور میچ ہونڈوراس اور ايکواڈور کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جو ايکواڈور نے ايک کے مقابلے ميں دو گول سے جيت ليا۔