فرنچ اوپن کا فائنل بارش کی نذر، فيصلہ آج متوقع
11 جون 2012سن 1973 کے بعد پہلی مرتبہ ايسا موقع آيا ہے کہ فرنچ اوپن کا فائنل ميچ اتوار کے روز اپنے اختتام کو نہيں پہنچ سکا۔ نتيجتاﹰ رواں سال کی فرنچ اوپن چيمپئن شپ کے فاتح کھلاڑی کا فيصلہ ممکنہ طور پر آج پير کے روز ہوگا۔ گزشتہ روز پيرس کے رولينڈ گيروس ميدان پر جب يہ ميچ ملتوی کرنے کا فيصلہ سنايا گيا تو اس وقت عالمی نمبر دو اسپين سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی رافائل ندال کو اپنے حریف عالمی نمبر ايک سربيا کے نوواک جوکووچ پر معمولی سبقت حاصل تھی۔ کھيل ختم ہونے پر ميچ کا اسکور 6-4, 6-3, 2-6, 1-2 تھا۔
ميچ کے ريفری Stefan Fransson نے بتايا کہ بارش کے باعث دونوں کھلاڑيوں کو مشکلات پيش آ رہی تھيں۔ رافائل ندال کا کھيل گيلی گيندوں سے متاثر ہو رہا تھا تو دوسری جانب جوکووچ کو گيلے کورٹ پر پھسلنے کا خدشہ تھا۔ ندال اور جوکووچ کے درميان ميچ آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر ايک بجے شروع ہونا تھا ليکن خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ ميں يہ بتايا گيا ہے کہ اس وقت پيرس ميں بارش متوقع ہے۔
نيوز ايجنسی کی رپورٹ کے مطابق ٹينس کے اول درجے کے ٹورنامنٹس ميں ان دنوں اس نوعيت کے واقعات ميں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ چار سالوں سے يو ايس اوپن کا فائنل اتوار سے ملتوی کر کے پير کے روز کھيلا جا رہا ہے۔ اے پی کے مطابق انگلينڈ ميں کھيلے جانے والے ٹورنامنٹ ومبلڈن اور آسٹريليا ميں کھيلے جانے والے آسٹريلين اوپن ميں جن کورٹس پر ميچ کھيلے جاتے ہيں ان کورٹس ميں ’انڈور‘ يا چھت کے نيچے کھيلنے کی سہوليات ميسر ہوتی ہيں۔ جبکہ يو ايس اوپن اور فرنچ اوپن ٹورنامنٹس جن ميدانوں پر کھيلے جاتے ہيں ان ميں انڈور سہوليات ميسر نہيں ہيں اور يہی وجہ ہے کہ بارش کی صورت ميں ميچ ملتوی کرنا پڑتا ہے۔
اگر نوواک جوکووچ آج کا ميچ جيتنے ميں کامياب رہتے ہیں تو وہ مسلسل چار گرينڈ سليم ٹورنامنٹ جيت جائيں گے جو کہ گزشتہ 43 سالوں ميں کوئی بھی کھلاڑی نہيں کر سکا ہے۔ دوسری جانب ندال تعاقب ميں ہيں اپنے ساتويں فرنچ اوپن ٹائٹل کے جو انہيں تاريخ کا ایسا پہلا کھلاڑی بنا دے گا، جس نے يہ اعزاز سات مرتبہ حاصل کیا ہو۔
فرنچ اوپن ميں اس سے قبل سن 1973 ميں ايسا ہوا تھا کہ بارش کے باعث فائنل ميچ ملتوی کر دیا گیا اور اس کا فيصلہ اتوار کے علاوہ کسی اور روز ہوا ہو۔ انتاليس سال پہلے کھیلے گئے اُس ميچ کا فيصلہ منگل کے روز ہوا تھا۔
as / aba / ap