فرنچ اوپن: سیمی فائنل مرحلے میں
6 جون 2012فرنچ اوپن کے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے ایک کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان کے اعصام الحق قریشی اور ان کے ڈچ پارٹنر ژیں ژولین روژر (Jean-Julien Rojer) نے اپنی حریف جوڑی کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کوارٹر فائنل میں ان کے مدمقابل میخائل لیودرا (Michael Llodra) اور نینڈ سیمونژک (Nenad Zimonjic) تھے۔ لیودرا اور سیمونژک دوسرے سیٹ کے دوران انجری کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہو گئے تھے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے اعصام الحق فرنچ اوپن کے کسی ڈسپلن میں سیمی فائنل مرحلے تک پہنچے ہیں۔ گزشتہ سال وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے پر اپنا میچ ہار گئے تھے۔ اب سیمی فائنل میں انہیں امریکی برائن برادرز کی جوڑی کا سامنا ہے۔ اعصام الحق کی سنگلز میں رینکنگ اس وقت 103 ہے جبکہ ڈبلز میں وہ ٹاپ ٹین کے اندر ہیں۔ روژر کے ساتھ اعصام الحق نے مئی کے مہینے میں ایسٹورل اوپن (Estoril Open) ٹورنامنٹ میں ڈبلز کا فائنل میچ جیتا تھا۔
کچھ عرصہ قبل امریکا میں کھیلے جانے والے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یُو ایس اوپن میں مردوں کے ڈبلز چیمپئن شپ کے فائنل میں انہیں برائن برادرز سے ہارنا پڑا تھا۔ فرنچ اوپن میں برائن برادرز کو دوسری فیورٹ جوڑی قرار دیا گیا ہے۔ برائن برادرز جڑواں بھائی ہیں اور ان کے درمیان کورٹ کے اندر تال میل لاجواب خیال کی جاتی ہے۔ باب برائن اور مائیک برائن کی جوڑی، سن 2003 میں فرنچ اوپن کا ڈبلز فائنل میچ جیت چکی ہے۔
فرنچ اوپن میں منگل کے روز خواتین کے دو کوارٹر فائنل میچ بھی مکمل ہوئے اور ان میں آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوزر اور اٹلی کی سارا ایرانی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ اسٹوزر نے سلوواکیہ کی ڈومینیک سیبلکووا (Dominika Cibulkova) کو ہرایا۔ یہ کوارٹر فائنل میچ سنسنی خیزی سے عبارت نہیں تھا۔ آسٹریلوی خاتون کھلاڑی نے دو سیٹ میں یہ میچ جیتا۔ منگل کے روز کھیلے گئے ویمن سنگلز کے کوارٹر فائنل مرحلے کے ایک اور میچ میں جرمن کھلاڑی انگلیک کیربیر(Angelique Kerber) کو شکست کا سامنا رہا۔ اطالوی خاتون سارا ایرانی (Sara Errani) نے کیربیر کو ہرایا۔ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ جرمن خاتون یہ میچ جیت سکتی تھیں لیکن ایسا نہ ہو سکا۔
منگل کے روز مردوں کی سنگلز چیمپئن شپ کے لیے بھی دو کوارٹر فائنل میچ مکمل ہوئے۔ ان میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکوووچ نے ایک طویل اور زوردار میچ میں فرانس کے ژو وِل فریڈ سُونگا (Jo-Wilfried Tsonga) کو ہرایا۔ یہ میچ خاصا سنسنی خیز رہا۔ سُونگا اپنے ہم وطنوں میں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کی کوشش میں تھے لیکن عالمی نمبر ایک نے اپنی شاندار اور بہتر فارم سے انہیں شکست سے دوچار کیا۔ سُونگا اس وقت عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن کے حامل ہیں۔
مردوں کے ایک کوارٹر فائنل میچ میں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے ارجنٹائن کے ڈیل پوٹرو کو پانچ سیٹ کے زبردست میچ میں ہرایا۔ ڈیل پوٹرو ابتدائی دو سیٹ جیت گئے تھے کہ ان کی کلائی کی ایک پرانی چوٹ ابھر آئی اور اس کے بعد فیڈرر نے بقیہ تین سیٹ جیت کر میچ میں کامیابی حاصل کی۔ ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو (Juan Martin del Potro) نے دو سال قبل راجر فیڈرر کو یو ایس اوپن میں ہرایا تھا اور اس کے بعد وہ مسلسل انجری کی لپیٹ میں ہیں۔
ah/hk (ReutersmAP)