فرانس کی بھارتی تحفظات دور کرنے کی کوشش
24 فروری 2015فرانسیسی وزیر دفاع ژاں ایو لے دریاں نے آج منگل کے روز اپنے بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ رفائیل لڑاکا طیاروں کی فروخت کے موضوع پر ہونے والی یہ ملاقات بند دروازوں کے پیچھے ہوئی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس دوران کوشش کی گئی کہ فرانس اور بھارت کے مابین اس عسکری معاہدے کے حوالے سے پیدا ہونے والے سوالات اور تحفظات کو دور کیا جائے۔
جنوری 2012ء میں فرانسیسی کمپنی داسو ایوی ایشن نے نئی دہلی حکومت سے 126رفائیل لڑاکا طیاروں کی فروخت کا ایک خصوصی معاہدہ کیا تھا۔ ماہرین کے مطابق معاہدے کے اختتام پر اس کی مالیت بارہ ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ منصوبے کے مطابق داسو کمپنی اس سال کے دوران ابتدائی طور پر اس طرز کے 18 طیارے فراہم کرے گی جبکہ بقیہ 108 طیارے بھارتی کمپنی ہندوستان ایرونوٹکس کے تعاون سے بنائے جائیں گے۔ اس دوران فرانسیسی کمپنی ہندوستان ایرونوٹکس کو تکنیک بھی منتقل کرے گی۔ تاہم بعد ازاں سابقہ کانگریس کی حکومت اور حالیہ مودی انتظامیہ کی کمیٹیوں نے انکشاف کیا کہ یہ معاہدہ انتہائی مہنگا ہے اور اسے سے کم لاگت والے حل بھی موجود ہیں۔
فرانس کی کوشش ہے کہ اس معاہدے کے حوالے سے تمام مسائل کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ فرانس سے قبل طے کر لیا جائے۔ مودی اپریل میں سرکاری دورے پر فرانس جائیں گے۔ تاہم ابھی تک کسی بھی فریق نے یہ نہیں بتایا کہ آج نئی دہلی میں ہونے والی بات چیت میں آیا پیش رفت ہوئی بھی ہے یا نہیں۔
لے دریاں کا نئی دہلی کا یہ مختصر دورہ ایک ایسے وقت میں عمل میں آیا ہے، جب فرانس نے ابھی حال ہی میں مصر کے ساتھ رفائیل طیاروں کی فروخت کا ایک معاہدہ طے کیا ہے۔ فرانس رفائیل لڑاکا طیارے جنوبی کوریا، سنگاپور، مراکش، سوئٹزرلینڈ اور برازیل کر فروخت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور داسو اپنی مد مقابل حریف غیر ملکی کمپنیوں سے بازی ہار چکی ہے۔ اس کے باوجود پیرس حکام قطر اور ملائشیا کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاہدے طے کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔