فان ڈئر لاین کے طیارے کا جی پی ایس سسٹم جام، شبہ روس پر
1 ستمبر 2025برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے پیر یکم ستمبر کو ملنے والی رپورٹوں میں اس حوالے سے یورپی میڈیا میں سامنے آنے والی خبروں کی تصدیق کر دی گئی کہ اتوار 31 اگست کو بلغاریہ کی طرف پرواز کے دوران یورپی کمیشن کی خاتون صدر فان ڈئر لاین کے چارٹرڈ طیارے کا جی پی ایس نظام جام ہو گیا تھا۔
مشتبہ روسی مداخلت
یورپی کمیشن کے ایک ترجمان نے برسلز میں کہا، ''ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ گزشتہ روز بلغاریہ کی طرف پرواز کے دوران فان ڈئر لاین کے طیارے کا گلوبل پوزیشننگ سسٹم یا جی پی ایس جام ہو گیا تھا، مگر یہ طیارہ بحفاظت اپنی منزل پر اتر گیا۔ ہمیں بلغاریہ کے حکام سے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ انہیں شبہ ہے کہ اس ہوائی جہاز کے جی پی ایس سسٹم کا فریز ہو جانا روس کی طرف سے کھلم کھلا تکنیکی مداخلت کا نتیجہ تھا۔‘‘
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس بارے میں ماسکو میں روسی حکومت کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا اور جب روئٹرز نے ماسکو حکومت سے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کی، تو اس کا بھی کوئی جواب نہ دیا گیا۔
یورپی یونین کا یوکرین کے لیے تائید و حمایت کا اعادہ
فان ڈئر لاین کے طیارے کے جی پی ایس سسٹم کے غیر فعال بنا دیے جانے سے متعلق یورپی یونین کے حکام کی طرف سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم یونین کے ایک ترجمان نے یہ ضرور کہا کہ اس واقعے سے اس بلاک کا یہ عزم اور بھی مضبوط اور غیر متزلزل ہو گیا ہے کہ ساڑھے تین برس قبل کی جانے والی روسی فوجی مداخلت کے خلاف ''یوکرین کی حمایتاور اس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے‘‘ کی کوششیں تیز تر کر دی جائیں گی۔
یورپ: یوکرین کے مہاجرین کو کون کتنی امداد دیتا ہے؟
اسی دوران بلغاریہ کی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی کمیشن کی صدر کے طیارے کا جی پی ایس سگنل اس وقت غائب ہو گیا تھا، جب یہ طیارہ جنوبی بلغاریہ میں ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر پلوودیو کی طرف پرواز پر تھا۔
زمین سے کام کرنے والے نیوی گیشن سسٹم کا استعمال
اس واقعے کے فوری بعد قریبی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے اس ہوائی جہاز کی بحفاظت لینڈنگ کو یقینی بنانے کے لیے زمین سے کام کرنے والے نیوی گیشن سسٹم استعمال کرنا شروع کر دیے تھے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر رونما ہوا، جب فان ڈئر لاین یورپی یونین کی رکن ایسی ریاستوں کے چار روزہ دورے پر تھیں، جن کی سرحدیں روس سے ملتی ہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق اس چارٹرڈ فلائٹ کو اپنے جی پی ایس سسٹم کی خرابی کے باعث مقررہ وقت سے تقریباﹰ ایک گھنٹہ زیادہ فضا میں ہی رہنا پڑا۔
ادارت: عاطف بلوچ