فارمولا ون گراں پری 2012، پریکٹس سیشن میں کیمی رائکونِن آگے
5 مارچ 2012فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے رائکونِن نے 121 چکر مکمل کیے اور اس دوران ان کا بہترین وقت ایک منٹ اور بائیس سیکنڈ رہا ۔ وہ 2009 ء میں ورلڈ ریلی چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے بعد کھیل میں دوبارہ واپس لوٹے ہیں۔
رائکونن اور فرانس سے تعلق رکھنے والے ان کے ٹیم کے ساتھی Romain Grosjean بارہ روز کے آزمائشی دنوں میں سب سے تیز رفتار ڈرائیور ثابت ہوئے ہیں۔
ان کے مقابلے میں دفاعی عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل کی رفتار اس دن انتہائی سست رہی اور ان کی ٹیم نے اپنی ریڈ بُل گاڑی میں محض 23 چکر مکمل کیے اور ان کے ایک چکر کا بہترین وقت ایک منٹ اور تئیس سیکنڈ تھا۔ وہ اس دوڑ میں آخری نمبر پر رہے۔
فیٹل نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’ہم ٹریک پر زیادہ وقت گزارنا چاہتے تھے مگر صبح کے وقت ہمیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا’۔ انہوں نے مزید بتایا، ’میں سرکٹ میں گیا تو فرنٹ ونگ ٹوٹ گیا۔ اس میں کافی وقت ضائع ہو گیا اور پھر وقفے سے تھوڑی دیر پہلے ہماری گاڑی کے گیئر بکس میں مسئلہ پیدا ہو گیا‘۔
فراری کے دو بار عالمی چیمپئن فرناندو آلانسو دوسرے تیز رفتار ترین ڈرائیور تھے مگر اطالوی ٹیم اپنی گاڑی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔
ٹیکنیکل ڈائریکٹر پَیٹ فرائی نے کہا کہ فارمولا ون کی سب سے کامیاب اور گلیمرس تصور کی جانے والی اُن کی ٹیم کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے اور وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر کچھ مایوس دکھائی دیے۔
سات بار عالمی چیمپئن کا اعزاز جیتنے والے مشائیل شوماخر تیز رفتاری کے لحاظ سے آٹھویں نمبر پر رہے۔ انہوں نے ایک سو چکر اور 466 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ انہوں نے کہا، ’اس مرحلے سے اندازہ ہوتا ہے کہ رواں سیزن میں ٹیموں کے درمیان انتخاب بہت مشکل ہو گا‘۔
مرسیڈیز گاڑی چلانے والے شوماخر نے کہا، ’گاڑی کی کارکردگی ابتدا سے ہی کافی بہتر رہی اور آزمائشی دنوں میں ہم اسے مزید بہتر بنانے میں کامیاب رہے۔ میرا خیال ہے کہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے‘۔
2012 فارمولا ون سیزن اٹھارہ مارچ سے میلبورن میں شروع ہو رہا ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: عدنان اسحاق