فارمولا ون: کھلاڑی ملائشين گراں پری کے ليے تيار
20 مارچ 2012رواں سال فارمولا ون سيزن کی دوسری ريس پچيس مارچ کو ملائشيا کے سيپانگ انٹرنيشنل سرکٹ پر ہوگی۔ اس ريس کے ليے جرمنی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈرائیور اور گزشتہ دو سالوں سے عالمی چيمپئن سیباستیان فیٹل پر اميد نظر آتے ہيں اور ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی سيپانگ انٹرنيشنل سرکٹ پر ان کی ٹيم کافی پر اعتماد تھی۔ ادھر فیٹل کی ريڈ بُل ٹيم کے سربراہ کرسٹيان ہارنر نے بھی يہ کہہ ديا ہے کہ میلبورن کے آلبرٹ ٹريک کے مقابلے ميں سيپانگ کا ٹريک بہتر انداز ميں اس بات کا فيصلہ کرے گا کہ اس سال کے نماياں ڈرائيوروں کی پوزيشن کيا ہے۔ ہارنر کے بقول، ’آسٹريليا ميں ہم نے چند مسائل کو سمجھا ہے اور اگلے ہفتے ملائشيا ميں ايک نيا چيلنج ہو گا۔ ہم اپنے حريفوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کی کوشش کريں گے‘۔
دوسری جانب آسٹريليا ميں مايوس کن کارکردگی کے بعد مرسيڈيز کی ٹيم ملائشين گراں پری کے ليے اپنی گاڑی کو درپيش پہيوں کے مسئلے پر کام کر رہی ہے۔ مرسيڈيز کے موٹر اسپورٹ چيف ناربرٹ ہيگ کے بقول اس مسئلے پر ماہرين کام کر رہے ہيں۔ انہوں نے مزيد کہا، ’ہم سيپانگ ميں جمعے اور ہفتے کو ہونے والی پريکٹس کے دوران زيادہ سے زيادہ پريکٹس کريں گے تاکہ ہماری تياری سرکٹ کے حساب سے ہو‘۔ ہيگ نے مزيد بتايا کہ اتوار کو ريس کے دن طوفان اور شديد بارشوں کی پيشین گوئی ہے اور عام طور پر ايسے موسم کے باعث کھلاڑيوں کو اپنے طريقہ کار ميں تبديلی پيدا کرنا ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ميلبورن ميں ہونے والی ريس کے دوران مرسيڈيز کے عالمی شہرت یافتہ ڈرائیور اور سات مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے میشائل شوماخر اپنی گاڑی ميں تکنيکی مسائل کی بنا پر سرکٹ پر دسویں چکر میں مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔
گزشتہ ہفتے آسٹريليا ميں رواں سال کے فارمولا ون سيزن کا آغاز ہوا۔ میلبورن میں ہونے والی آسٹریلین گراں پری ريس ميں میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن فاتح رہے جبکہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہے۔ فیٹل آسٹريلوی گراں پری ميں دوسرے نمبر پر آنے سے ’مطمئن‘ ہيں۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ ابھی کئی ريسيں باقی ہيں اور ان کی گاڑی ميں بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ سیباستیان فیٹل مسلسل تیسری مرتبہ عالمی چيمپئن بننے کے خواہاں ہيں۔
رپورٹ: عاصم سليم
ادارت: حماد کيانی