فارمولا ون: ملائشین گراں پری میں پول پوزیشن ہیملٹن کے نام
24 مارچ 2012ملائشین گراں پری دوڑ کل اتوار کو ملکی دارالحکومت کوآلالمپور میں سیپانگ کے سرکٹ پر منعقد ہو گی۔ اس ریس کے لیے ہفتے کو مکمل ہونے والے کوالیفائنگ مرحلے میں میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لوئس ہیملٹن پہلے نمبر پر رہے اور انہوں نے پول پوزیشن حاصل کر لی۔
دوسرے نمبر پر میکلارین ٹیم ہی کے ڈرائیور اور ہیملٹن کے ہم وطن جینسن بٹن رہے۔ تیسری پوزیشن کئی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے مشہور جرمن ڈرائیور میشاعیل شوماخر نے حاصل کی جو مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے۔
کوآلالمپور میں سیپانگ کے سرکٹ پر کوالیفائنگ کے دوران جن دو برطانوی ڈرائیوروں نے پہلی دو پوزیشنیں حاصل کیں، اس سال کی آسٹریلیا میں ہونے والی پہلی ریس کے دوران بھی پہلی دونوں پوزیشنیں انہی دونوں ڈرائیوروں کے پاس تھیں۔ گزشتہ ہفتے میلبورن میں ہونے والی آسٹریلین گراں پری جینسن بٹن نے جیتی تھی۔ اس کے برعکس آج ہفتے کو ہیملٹن ملائشین گراں پری کے لیے اپنی پول پوزیشن کو یقینی بنا لینے میں کامیاب رہے جبکہ بٹن دوسرے نمبر پر رہے۔
لوئس ہیملٹن نے پچھلی مرتبہ مسلسل دو بار پول پوزیشن سن 2009 میں جیتی تھی۔ تب انہوں نے ایسا اٹلی اور سنگاپور میں ہونے والے گراں پری مقابلوں کے لیے کوالیفائنگ کے دوران کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس سال اب تک پول پر دونوں مرتبہ پہلی دونوں پوزیشنین میکلارین ٹیم کو ملی ہیں۔ اس سے قبل اس ٹیم کے ڈرائیوروں نے مسلسل دو مرتبہ ایسا سن 2007 میں کیا تھا۔
مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلانے والے تجربہ کار جرمن ڈرائیور میشاعیل شوماخر بھی اچھی فارم میں تھے۔ وہ کل 25 مارچ کو ملائشین گراں پری میں تیسری پوزیشن سے شامل ہوں گے۔ ان کے بعد چوتھے نمبر پر ریڈ بُل ٹیم کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر کا نام آتا ہے جو کوالیفائنگ میں چوتھی پوزیشن پر رہے۔
جرمنی ہی سے تعلق رکھنے والے ریڈ بُل ٹیم کے نوجوان ڈرائیور اور اس سال عالمی چیمپئن کے طور پر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے سیباستیان فیٹل ملائشین گراں پری میں پانچویں پوزیشن سے حصہ لیں گے۔ وہ ریڈ بُل ٹیم میں اپنے ساتھی ڈرائیور مارک ویبر سے ایک پوزیشن پیچھے ہوں گے۔
کوآلالمپور سرکٹ پر فیراری ٹیم کے ڈرائیوروں میں سے فیرنانڈو الانسو آٹھویں اور ان کے ساتھی فیلیپے ماسا 12 ویں پوزیشن سے شامل ہوں گے۔ کوالیفائنگ کے بعد الانسو نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی ٹیم اس سال کی عالمی چیمپئن شپ جیتنے کی کوششوں میں ابھی تک اپنی حریف ٹیموں سے بہت پیچھے ہے تاہم انہیں ملائشین گراں پری دوڑ کی کوالیفائنگ کے نتائج پر فخر ہے۔
الانسو نے کہا کہ آسٹریلین گراں پری کے لیے کوالیفائنگ کے دوران ان کی ٹیم کی کارکردگی کافی خراب رہی تھی۔ انہوں نے کہا، ’آج ہم نے اپنی پوری کوشش کی اور اچھے نتائج حاصل کیے۔ یہ ہماری پوری ٹیم کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ کل ہم سیپانگ سرکٹ پر ریس کے شروع میں آٹھویں اور بارہویں پوزیشن پر ہوں گے۔‘
اسی دوران ملائشیا میں آج کی کوالیفائنگ کے بعد فارمولا ون کے سربراہ برنی ایکلسٹون نے کہا کہ موٹر ریسنگ کے ان عالمی مقابلوں میں شامل بہت سی ٹیموں نے اس کھیل میں سال رواں کے بعد بھی اپنی شرکت جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایکلسٹون کے مطابق ان ٹیموں میں فیراری، میکلارین اور ریڈ بُل جیسی بڑی اور کامیاب ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: امتیاز احمد